اقبال ٹائون، نامعلوم افراد نے پولیس چوکی کے سامنے کانسٹیبل کو قتل کردیا
لاہور (نامہ نگار) اقبال ٹائون میں نامعلوم افراد نے اندھادھند فائرنگ کر کے پولیس کانسٹیبل کو موت کے گھات اتاردیا اور فرار ہو گئے۔ نجم کالونی ہنجروال کا رہائشی 27 سالہ پولیس کانسٹیبل محمد عمران سرور 2 بچوں کا باپ تھا۔ اس کا گزشتہ روز ہی ہنجروال سے تھانہ لیاقت آباد تبادلہ ہوا تھا۔ گزشتہ روز وہ اقبال ٹاؤن مون مارکیٹ گیا اور موٹر سائیکل پولیس چوکی کے قریب کھڑی کر رہا تھا کہ اسکا تعاقب کرنیوالے دو موٹر سائیکل سواروں نے اس پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس سے عمران موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔ اطلاع ملنے پر ایس پی اقبال ٹائون سمیت پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے مقتول کی نعش پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خانے جمع کرا دی۔ پولیس ذرائع کے مطابق یہ واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا بھی ہو سکتا ہے۔