پاکستان اور افغانستان دہشت گردوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لئے تعاون کریں: امریکہ
واشنگٹن (آئی این پی) امریکہ نے پاکستان اور افغانستان پر زور دیا ہے کہ وہ دہشت گردوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے ایک دوسرے سے تعاون کریں، دہشت گرد حملوں کی منصوبہ بندی کرنے والے اس طرح کے لوگوں کو انصاف کے کٹہرے میں دیکھنا چاہتے ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ کی نائب ترجمان میری ہارف نے صحافیوں کو بتایا کہ ہم دہشت گرد حملوں کی منصوبہ بندی کرنے والے اس طرح کے لوگوں کو انصاف کے کٹہرے میں دیکھنا چاہتے ہیں۔یہ کیسے ہو گا، ہمیں یہ دیکھنا ہو گا۔ لیکن یقینی طور پر یہ کام بہت اہم ہے۔ جب ترجمان میری ہارف سے پوچھا گیا کہ آیا امریکہ ٹی ٹی پی سربراہ ملا فضل اللہ کی حوالگی کے پاکستانی مطالبے کی حمایت کرتا ہے تو انہوں نے کہا یہ ایک ایسا موضوع ہے جس پر سیکرٹری خارجہ جان کیری نے پاکستان کے دورہ میں حکام سے گفتگو کی۔ انہوں نے یاد دلایا کہ امریکہ نے گزشتہ ہفتہ ہی فضل اللہ کو عالمی دہشت گرد نامزد کیا ہے۔ کابل میں مغربی سفارت کاروں نے اے پی کو بتایا کہ پشاور سانحہ کے بعد افغانستان اور پاکستان نے ’’غیر مثالی تعاون‘‘ کا مظاہرہ کیا۔