قومی ایکشن پلان پر ہر صورت عملدرآمد کرایا جائیگا، اداروں کو منافع بخش بنانے کی کوششیں جاری ہیں: وزیر مملکت شیخ آفتاب
اٹک (اے پی پی) وزیرِ مملکت برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے وزیرِ اعظم نے ہر قیمت پر ملک و قوم کی تقدیر بدلنے کا تہیہ کر رکھا ہے۔ نیشنل ایکشن پروگرام پر ہر قیمت پر عمل درآمد کروایا جائے گا۔ 14سال بعد مسلم لیگ ن کو حکومت ملی، ادارے تباہی کے دہانے پر پہنچ چکے تھے۔ ان کو دوبارہ منافع بخش بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔ شیخ آفتاب احمد نے کہا پٹرول کی قلت کا مسئلہ جلد حل کر لیا جائے گا۔ نیشنل ایکشن پروگرام کے تحت باقاعدہ کاروائی کا آغازکر دیا گیا ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ ملک بھر کی طرح اٹک میں بھی 16ایم پی او (جسے اب 9اے ٹی اے کا درجہ دیا گیا ہے) کے تحت مقدمات درج کر کے تخریبی عناصر اور کالعدم تنظیموں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے۔