پشاورمیں 2015ء کی پہلی انسداد پولیو مہم، 7 لاکھ سے زائد بچوں کی ویکسی نیشن
پشاور (آئی این پی) پشاورمیں 2015ء کی پہلی انسداد پولیو مہم ، 97 حساس یونین کونسلوں میں 5سال سے کم عمر کے 7 لاکھ سے زائد بچوں میں قطروں اور انجیکشن کی صورت میں ویکسی نیشن دی گئی ،سیکورٹی کے سخت انتظامات ،پولیو مہم کے لئے 7 ہزار پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا، دفعہ 144 کے تحت موٹرسائیکل چلانے پر پابندی عائد کی گئی ۔اتوار کوخیبر پی کے حکومت نے پشاور میں مہم کے دوران97 یونین کونسلوں میں 7 لاکھ 51 ہزار بچوں کو انسداد پولیو کی ویکسی نیشن کا ہدف مقرر کیا ۔ حکومت نے شہر کی حساس ترین 55 یونین کونسلوں میں انجیکشن کے ذریعے ویکسی نیشن کے اقدامات کئے ۔پولیو ویکسی نیشن میں 4ہزار 260 پولیو ٹیموں نے حصہ لیا۔ جنہوں نے گھر گھر جاکر بچوں کو زندگی بھر کی معذوری سے بچانے کے لئے اپنے فرائض انجام دئیے۔علاوہ ازیں اسلام آباد سے آئی این پی کے مطابق وفاقی دارالحکومت کی بارہ یونین کونسلوں میں پولیو کے خلاف چار روزہ مہم (آج) پیر کو شروع ہو گی۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر نجیب درانی کے مطابق مہم کے دوران دیہی علاقوں میں ایک لاکھ 32 ہزار 133 بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے جس کے لئے 406 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔