• news

’’تیسری جنگ عظیم شروع‘‘ ہیکروں نے امریکی اخباروں پر خبر چلا دی

واشنگٹن (صباح نیوز) امریکی صدر بارک اوباما کی جانب سے سائبر سکیورٹی کو سخت کرنے کے اقدامات کے اعلان کے چند روز بعد ہیکروں نے امریکی اخبار نیویارک پوسٹ اور یونائٹیڈ پریس انٹرنیشنل (یو پی آئی) کے ٹوئٹر اکاؤنٹس ہیک کر کے وہاں سے چین اور امریکہ کے درمیان لڑائی اور تیسری جنگ عظیم شروع ہونے کی جعلی خبریں جاری کر دیں۔ ہیکروں نے یو پی آئی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری جعلی پیغام میں پوپ کے حوالے سے لکھا ہے کہ تیسری جنگ عظیم کا آغاز ہو گیا ہے۔ نیویارک پوسٹ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جو جعلی خبر نشرگئی وہ امریکہ اور چین میں لڑائی سے متعلق ہے۔ نیویارک پوسٹ نے کہا ہے کہ وہ اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ہیک ہونے سے متعلق تحقیق کر رہا ہے حالیہ دنوں میں ہیکروں نے امریکہ کے سرکاری اداروں اور پرائیویٹ کمپنیوں کے اکاؤنٹس ہیک کر کے دنیا کو حیران کر دیا ہے۔ ہیکروں نے امریکی ملٹری کمانڈ کی سکیورٹی پامال کرنے کے صرف چار روز بعد ہی بڑے اخباری اداروں کے ٹوئٹر اکاؤنٹ تک رسائی حاصل کر لی۔ یو پی آئی نے تصدیق کی ہے کہ اس کے ٹوئٹر اکاؤنٹ اور نیوز ویب سائٹ کو ہیک کیا گیا ہے۔ یو پی آئی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر چھ جعلی ہیڈلائن جاری کی گئیں۔ نیو یارک پوسٹ کے اکاؤنٹ پر جعلی خبر جاری کی گئی کہ امریکی بحری جہاز یو ایس ایس جارج واشنگٹن جنوبی بحیرہ چین میں چین کے ساتھ لڑائی میں مصروف ہے۔ امریکی ملٹری کمانڈ کا اکاؤنٹ ہیک کرنے والوں نے اپنے آپ کو داعش کا حامی ظاہر کیا تھا۔ پینٹاگون کے اہلکار نے کہا چین کے ساتھ کشیدگی کے حوالے سے خبریں سچی نہیں۔

ای پیپر-دی نیشن