• news

8 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ، 17 کی قیمتیں کم ہو گئیں: بیورو شماریات

کراچی (آن لائن) ملک میں گزشتہ ہفتے افراط زر کی شرح میں 0.34 فیصد کمی ہوئی تاہم سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 0.33 فیصد بڑھ گئی۔ پاکستان بیورو شماریات (پی بی ایس) سے جاری اعداد و شمار کے مطابق 15 جنوری کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران ہفتہ وار بنیادوں پر سب سے زیادہ ریلیف 8 ہزار روپے ماہانہ تک کمانے والوں کو 0.39 فیصد ملا جبکہ 12ہزار روپے ماہانہ تک کمانے والوں کے لئے افراط زر کی شرح میں 0.37 فیصد، 18ہزار روپے ماہانہ تک آمدنی والوں کے لئے 0.36 فیصد، 35ہزار روپے کمانے والوں کے لئے 0.35 فیصد اور 35ہزار روپے سے زائد ماہانہ کمانے والوں کے لئے ہفتہ وار بنیادوں پر افراط زر کی شرح میں 0.30 فیصد کمی ہوئی۔ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ہفتے 8 اشیا بشمول لہسن، چائے کی پتی، کیلے، دال مونگ، دال چنا، دال ماش، دہی اور گائے کے گوشت کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ 17 اشیا کی قیمتوں میں کمی ہوئی جن میں ٹماٹر، ایل پی جی، پیاز، انڈے، زندہ مرغی، ویجیٹیبل گھی (ٹن)، اری6 چاول، آلو، چینی، باسمتی ٹوٹا چاول، پکانے کا تیل (ٹن)، آٹا، ویجیٹیبل گھی (کھلا/ تھیلی)، سرخ مرچ پسی ہوئی (کھلی)، دال مسور، گڑ اور گندم شامل ہیں، اس کے علاوہ تازہ دودھ، بریڈ، نمک، جلانے کی لکڑی سمیت 28 اشیا کی قیمتیں برقرار رہیں۔

ای پیپر-دی نیشن