• news

کینیڈین وزیر خارجہ کی مغربی کنارے آمد پر فلسطینیوں کا احتجاج‘ قافلے پر انڈے برسائے

مغربی کنارا (اے ایف پی) مغربی کنارے کے صدر مقام رام اللہ میں مشتعل فلسطینی نوجوانوں نے کینیڈا کے وزیر خارجہ جان بائرڈ کے قافلے پر انڈے پھینکے۔ فلسطینی صدر محمود عباس کی اپنی جماعت ’’الفتح‘‘ سمیت نوجوانوں کی تحریکوںنے جان بائرڈ کے دورہ پر احتجاج کا اعلان کیا تھا۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب کینیڈین وزیر خارجہ فلسطینی ہم منصب ایاد العلوی سے ملاقات کے بعد واپس جا رہے تھے۔ کینیڈا اسرائیل کا بڑا حامی اور 2012ء میں اقوام متحدہ میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے حوالے سے قرارداد کی مخالفت میں ووٹ ڈالنے والے چند ممالک میں شامل ہے۔ گذشتہ سال اسرائیل کی 50 روزہ بمباری میں 2200 فلسطینیوں کی شہادت پر بھی کینیڈا نے ایک بیان میں اس بدترین جارحیت کو اسرائیل کا حق قرار دیا تھا۔ ایاد المالکی سے گفتگو میں کینیڈین وزیر خارجہ نے انتباہ کیا کہ فلسطینیوں کی جانب سے سفارتی ایجنڈا کے تحت عالمی عدالت سے رجوع کی صورت میں اسرائیل کے ساتھ اس کے امن مذاکرات ختم ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی وزیر اس اقدام پر نظرثانی کریں کیونکہ مذاکرات کے ذریعے مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کیلئے نقصان دہ ہو گا۔ بائرڈ سے ملاقات نہ کرنے والے فلسطینی رہنما صائب برکات نے کہا کہ کینیڈین حکومت کی جانب سے غلط سائیڈ کی حمایت کرنا افسوسناک ہے۔

ای پیپر-دی نیشن