• news

افغانستان : پولیس نے قافلے پر خودکش حملہ‘ تین ہلاک‘ آپریشن میں طالبان کی ہلاکتیں پچاس ہو گئیں

کابل (نوائے وقت رپورٹ + اے پی پی) افغانستان میں خودکش حملے میں 3 افراد ہلاک اور 8 زخمی ہوگئے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق جنوبی ہلمند میں پولیس کے قافلے پر خودکش حملہ کیا گیا۔ اے پی پی کے مطابق افغانستان کے مشرقی صوبہ کنڑ اور دیگر صوبوں میں افغان سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں ہلاک ہونے والے طالبان کی تعداد 50ہو گئی جبکہ متعدد کو گرفتار کیا گیا، افغان ذرائع ابلاغ کے مطابق قائم مقام وزیر داخلہ جنرل محمد ایوب نے میڈیا کو بتایا افغانستان کے مختلف صوبوں میں طالبان کے خلاف افغان نیشنل آرمی اور سکیورٹی فورسز نے کارروائیاں کیں۔ انہوں نے کہا صرف کنڑ کے ضلع دانگام میں سکیورٹی فورسز نے کارروائیوں کے دوران 50 سے زیادہ عسکریت پسندوں کو ہلاک کردیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کنڑ، قندھار اور غزنی میں اس وقت کارروائیاں جاری ہیں۔ ان کارروائیوں کے دوران 13 عسکریت پسندوں کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے جبکہ تین کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔ ادھر مغربی افغانستان کے صوبہ ہرات میں نامعلوم مسلح افراد نے صحت عامہ کےلئے کام کرنے والی ایک تنظیم کے پانچ ارکان کو اغوا کرلیا۔ افغان حکام کے مطابق گزشتہ روز صوبہ قندھار میں ایک خودکش کار بم دھماکے میں دو افراد زخمی ہوگئے۔ حکام کے مطابق خودکش دھماکہ اس وقت ہوا جب سکیورٹی فورسز کا قافلہ علاقے سے گزر رہا تھا۔ادھر افغانستان کے مشرقی صوبہ ننگرہار میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ایک صحافی عاقل وقار کو قتل کردیا۔
افغانستان

ای پیپر-دی نیشن