باجوڑ میں جھڑپ، کیپٹن سمیت3 اہلکار شہید، 7 دہشت گرد ہلاک‘ شمالی وزیرستان میں ڈرون حملہ
باجوڑ ایجنسی+ میرانشاہ+ پشاور + لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں+ نامہ نگاران) باجوڑ ایجنسی میں فورسز کے ساتھ جھڑپ میں 7 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ کیپٹن سمیت 3 سکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے جبکہ شمالی وزیرستان میں ڈرون حملے کے دوران 6 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے۔ پیر کو نجی ٹی وی کے مطابق باجوڑ ایجنسی کے کی تحصیل سلار زئی کے علاقے بانڈہ میں سرچ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز کی دہشت گردوں کے ساتھ جھڑپ ہوگئی جہاں دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملہ کرکے کیپٹن سمیت 3 اہلکاروں کو شہید اور 3 کو زخمی کردیا۔ شہید ہونے والوں میں کیپٹن اسلام، نائب صوبیدار شاہ زمان اور ایک سپاہی شامل ہیں جبکہ سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے حملے کا بھرپور جواب دیا اور جوابی کارروائی کرتے ہوئے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں اہم کمانڈر یار ولی بھی شامل ہے۔ حملے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مزید دہشت گردوں کے تلاش کے لئے سرچ آپریشن شروع کردیا جب کہ زخمی اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ سرچ آپریشن کے دوران 25 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ شمالی وزیرستان ایجنسی کی تحصیل شوال کے علاقہ شاہی خیل میں امریکی جاسوس طیارے کے میزائل حملے میں 6 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہو گئے جب کہ ایک گھر مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں اہم کمانڈر یار ولی بھی شامل ہے۔ 2015 کے دوران شمالی وزیرستان میں امریکی جاسوس طیارے کا یہ تیسرا حملہ ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق ڈرون طیارے نے شوال کے علاقہ شاہی خیل میں ایک گھر پر دو میزائل داغے۔ مقامی افراد نے جاںبحق افراد کی نعشوں اور زخمیوں کو ملبے سے نکال کر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا۔ ڈرون حملے کے بعد بھی جاسوس طیاروں نے علاقہ میں پروازیں جاری رکھیں جس سے مقامی افراد میں شدید خوف ہراس پھیل گیا۔ ڈرون حملے میں مزید ہلاکتو ںکا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ علاقہ میں جاسوس طیاروں کی پروازیں بدستور جاری ہیں جبکہ لاہور، پشاور، مانسہرہ، اسلام آباد اور دیگر شہروں میں سرچ آپریشن کے دوران مزید سینکڑوں مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ادھر بنوں کے علاقے میران شاہ روڈ پر انتظامیہ نے سکیورٹی خدشات کے باعث غیرمعینہ مدت کیلئے کرفیو نافذ کردیا۔ پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق میران شاہ روڈ پر گزشتہ روز سے کرفیو نافذ کردیا گیا ہے، کرفیو کے باعث بنوں میران شاہ روڈ کے تمام تعلیمی ادارے اور کاروباری مراکز بند کردیئے گئے۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقے میں سکیورٹی خدشات ہیں جس کے باعث کرفیو لگایا گیا۔ علاوہ ازیں آرمی پبلک سکول پشاور پر حملے کے بعد خیبر پی کے میں مشتبہ افراد کیخلاف سرچ آپریشن کے دوران دو روز میں 137 افغان پناہ گزینوں سمیت 627 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس آپریشن کے دوران مشتبہ افراد سے اسلحہ اور گولیاں بھی برآمد ہوئیں۔ پشاور کے علاقے ناصر باغ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایس ایچ او زخمی ہو گیا جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور مارا گیا جبکہ بم ڈسپوزل سکواڈ نے بھٹہ تل کے علاقے میں تباہی کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے 20 کلو وزنی بم برآمد کر لیا جبکہ داؤد زئی کے علاقے میں دریائے ……… سے ایک شخص کی بوری بند نعش برآمد ہوئی ہے جسے تشدد کے بعد پھانسی دے کر قتل کیا گیا۔ عیسیٰ خیل سے نامہ نگار کے مطابق پولیس نے دوران گشت تین مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔ آئی این پی کے مطابق مانسہرہ اور تھانہ بٹل پولیس نے چھتر پلین میں مدرسہ توحید السنت پر چھاپہ مار کر 14 غیر ملکی طلباء کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار افغانی طالبعلم مدرسہ میں دینی تعلیم حاصل کر رہے تھے۔ آن لائن کے مطابق اسلام آباد پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران 82 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تحقیقات شروع کر دی۔ یہ سرچ آپریشن کوٹ ہتھیال، سیکٹر F-10، F-11، ڈھوک عباسی، جھنگی سیداں، کھنہ ڈاک، غوری ٹائون، سادات کالونی اور سیکٹر G-12 میں کیا گیا۔ ادھر لاہور میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے لاہور ائر پورٹ اور اس سے حلقہ علاقوں میں سرچ آپریشن کیا اور 16 مشکوک افراد کو گرفتار کر کے تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ این این آئی کے مطابق مہمند ایجنسی کی سرحدی تحصیل میں بارودی سرنگ کے دھماکہ میں ایک شخص زخمی ہو گیا۔