دہشتگردی کیخلاف جنگ کا سب سے زیادہ نقصان اٹھایا، عالمی برادری تعاون بڑھائے: چودھری نثار
اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خاتمہ کےلئے نیشنل ایکشن پلان پر تمام سیاسی جماعتوں نے اتفاق کیا ہے اور دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں پوری قوم فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں سب سے زیادہ نقصان پاکستان نے اٹھایا اور عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ پاکستان سے اپنا تعاون مزید بڑھائے۔ وہ پیر کو یہاں پنجاب ہاﺅس میں اقوام متحدہ کےلئے نامزد پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی سے ملاقات میں بات چیت کررہے تھے۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ ملیحہ لودھی اقوام متحدہ میں تعیناتی کے دوران پاکستان کے مفادات کے تحفظ کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گی۔ ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے وزیر داخلہ کو سانحہ پشاور کے بعد نیشنل ایکشن پلان کی تیاری اور 21 ویں ترمیم کی متفقہ منظوری پر مبارکباد دی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے پر متفق ہے اور تمام سیاسی جماعتوں نے حکومت سے تعاون کیا ہے اور دینی مدارس کے حوالے سے گزشتہ روز علماءکرام سے ملاقات کامیاب رہی ہے اور علماءنے بھی ایسے دینی مدارس جو دہشت گردی میں ملوث ہیں ان کیخلاف کارروائی پر اتفاق کیا ہے۔