• news

16ماہ گزر گئے، زرداری کو پنشن نہ ملی، مشرف 68 ہزار ماہانہ لیتے ہیں

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سابق صدر آصف علی زرداری کو 16 ماہ گزرنے کے باوجود پنشن کا اجرا نہ ہو سکا۔ آصف علی زرداری کی بطور صدر بنیادی تنخواہ 80 ہزار روپے تھی پنشن بنیادی تنخواہ کا 85 فیصد ہے جو 68 ہزار روپے ماہانہ بنتی ہے۔ ایوان صدر کے ذرائع کے مطابق متعلقہ ادارے پنشن کے اجرا کے لئے ایوان صدر کو 12 سے زیادہ خطوط لکھ چکے ہیں تاہم کسی ایک خط کا بھی جواب نہیں دیا گیا۔ ایوان صدر کے ذرائع کا کہنا ہے آصف علی زرداری کی پنشن کے کاغذات تیار کئے جا رہے ہیں تاہم کچھ کاغذات آصف علی زرداری کی جانب سے ایوان صدر کو فراہم ہی نہیں کئے گئے۔ سینیٹر فرحت اللہ بابر کا کہنا ہے آصف علی زرداری بطور صدر اپنی تنخواہ ایوان صدر کے عملے میں تقسیم کر دیتے تھے۔ آصف علی زرداری نے پنشن کے لئے خود بھی کلیم نہیں کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے دو سابق صدور پرویز مشرف اور رفیق تارڑ پنشن وصول کر رہے ہیں۔ رفیق تارڑ پنشن کی مد میں ماہانہ 48 ہزار 400 روپے جبکہ پرویز مشرف 68 ہزار ماہانہ پنشن لیتے ہیں۔
زرداری / پنشن

ای پیپر-دی نیشن