پٹرول بحران میں نااہلی کا اعتراف کرنیوالے سزا بھی خود تجویز کریں: طاہرالقادری
لاہور ( این این آئی) عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ پٹرول کے حالیہ بحران کے ذمہ دار وزیراعظم، وزیرخزانہ اور وزیر پٹرولیم ہیں، حکمرانوں کا ہر عذر ”عذرگناہ بدتر از گناہ“ کے مصداق ہے، سازشوں کا وسیع تجربہ رکھنے والوں کے خلاف سازش کرنے کی جرا¿ت کون کرسکتا ہے؟۔ جس مرحلہ پر قوم کو دہشتگردی کے خلاف یکجا کرنے کی ضرورت تھی عین اس موقع پر قوم کو بجلی، گیس ، پٹرول کے بحران میں الجھا دیا گیا، قوم انقلاب کیلئے نکلتی تو آج پٹرول کیلئے لائنوں میں نہ لگتی، دنیا بھر میں تیل سستا پاکستان میں 300 روپے لٹر فروخت ہورہا ہے وہ بھی بلیک میں، ابھی بجلی گیس بحرانوں میں کمی نہیں آئی تھی کہ پٹرول کا بحران بھی آ گیا، پاکستان کو ایشیا کا ٹائیگر بنانے والوں نے اسے زمانہ غار کی طرف دھکیل دیا، پٹرول کے حالیہ بحران کے حوالے سے نااہلی اور بدانتظامی کا اعتراف کرنے والے اپنی سزا بھی تجویز کریں، سیکرٹری پٹرولیم کو قربانی کا بکرا بنایا گیا اس بحران کے پیچھے بڑے مگر مچھ ہیں۔گزشتہ روز انہوں نے مرکزی میڈیا سیل سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب تک یہ کرپٹ ٹولہ اقتدار میں رہے گا عوام کی زندگی میں سکون کا کوئی دن نہیں آئے گا، انہوں نے کہا کہ پٹرول ناپید ہونے سے طالب علم سکول نہیں جا سکتے، ہسپتالوں میں آپریشن معطل اور ریسکیو 1122 اور ایمبولینس گاڑیاں تک رک گئیں، نظام زندگی مفلوج ہو کررہ گیا جو کام دہشت گرد نہ کر سکے وہ کام ان حکمرانوں نے کر دکھایا۔ قوم کی مائیں، بیٹیاں ہاتھوں میں بوتلیں پکڑے پٹرول پمپوں پر کھڑی ہیں، حکمران طبقہ کو شرم بھی نہیں آرہی۔
طاہرالقادری