• news

پٹرول کی نایابی حکومت کی نااہلی ہے، عوام سائیکل پر انحصار کریں: پرویز الٰہی

لاہور (خبر نگار) پاکستان مسلم لیگ کے سینئر مرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے پٹرول بحران کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام ایک ہفتہ سے پٹرول کیلئے جگہ جگہ دھکے کھا رہے ہیں، پھر بھی انہیں یہ ضروری شہ دستیاب نہیں جبکہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بھی بڑھا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے دعویداروں کے دور میں گیس، بجلی کی دن بدن بڑھتی قلت اور قیمتوں میں اضافہ کے بعد پٹرول کی نایابی حکومت کی ناکامی اور نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے، عوام کو چاہئے کہ وہ سائیکل پر انحصار کریں، اسے روزمرہ آمدورفت کیلئے استعمال کیا جائے کیونکہ سائیکل ہی عام اور غریب آدمی کا بہترین ساتھی ہے۔ اپنی رہائش گاہ پر لیگی رہنماﺅں اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت میں ہر چیز کی فراوانی تھی، قیمتوں پر کنٹرول تھا، امن و امان کی صورتحال کئی گنا بہتر تھی، عوام کو روزگار میسر تھا، ان کی فلاح و بہبود کیلئے نئے نئے منصوبوں پر کام ہو رہا تھا اور پنجاب مثالی ترقی و خوشحالی کی راہ پر تیزی سے گامزن تھا لیکن اب جو صورتحال ہے وہ سب کے سامنے ہے، حکومتی کارکردگی اور گڈگورنینس صرف اشتہاری مہم تک محدود ہے، روزمرہ استعمال کی لازمی ترین چیز پٹرول کی فراہمی بھی بند کر دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہر شعبہ یہاں تک کہ طلبہ و طالبات کی سکیورٹی کے مسئلہ میں بھی نااہلی اور نالائقی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ روزانہ دعوے کئے جا رہے ہیں لیکن ابھی تک پٹرول بحران حل ہوا ہے اور نہ ہی ذمہ داروں کا تعین، کیونکہ اس بحران کے اصل ذمہ دار حکمران خود ہیں اور وہ خود کو کیسے ذمہ دار قرار دے سکتے ہیں۔
پرویزالٰہی

ای پیپر-دی نیشن