سانحہ پشاور کے شہدا کا چہلم آج ہوگا‘ خیبر پی کے‘ فاٹا میں تعطیل ہوگی
پشاور (آئی این پی+ اپنے سٹاف رپورٹر سے) خیبر پی کے میں سانحہ پشاور کے شہدا کا چہلم آج سرکاری سطح پر منایا جائیگا۔ حکومت کے زیراہتمام سانحے میں شہید ہونے والوں کے چہلم کی تقریب پشاور میں ہوگی۔ صوبے میں اور فاٹا میں آج تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ محکمہ اطلاعات کے مطابق آج تمام سرکاری دفاتر نجی اور سرکاری تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔ صوبائی حکومت کے زیراہتمام ہونے والی اس تقریب میں پشاور کے سکولوں کو جن بچوں کے نام سے منسوب کیا جائے گا اس کی فہرست تیار کر لی گئی ہے۔ جن شہید بچوں کا تعلق پشاور سے نہیں ان کے آبائی علاقوں کے سکول ان کے نام سے منسوب کیے جائیں گے۔ چہلم کی تقریب میں صوبائی حکومت کی طرف سے تمام شہید بچوں کے والدین کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ ہاو¿س میں ہونے والی تقریب میں عمران خان بھی شرکت کریں گے بعدازاں وہ اپنی اہلیہ کے ہمراہ عمرہ کی ادائیگی کیلئے چلے جائیں گے۔ گورنر سردار مہتاب نے کہا فاٹا کا سیکرٹریٹ اور تمام ادارے بند رہیں گے۔ صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ آج پشاور کے 29 سکولوں کو شہدا کے ناموں سے منسوب کر دیا جائے گا۔ ترجمان فاٹا سیکرٹریٹ نے تصدیق کی کہ گورنر خیبر پی کے کی ہدایت پر تمام تعلیمی ادارے اور سرکاری دفاتر بند رہیں گے۔
سانحہ پشاور/ چہلم