سینڈک منصوبہ سے 1.5میٹرک ٹن سونا نکالا جا چکا ہے: قائمہ کمیٹی میں انکشاف
اسلام آباد (آن لائن) سینٹ کی کم ترقی یافتہ علاقوں کی قائمہ کمیٹی اجلاس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ سینڈک منصوبہ سے گزشتہ سالوں کے دوران1.5 میٹرک ٹن سونا نکالا گیا جبکہ 23 ہزار میٹرک ٹن چاندی اور ایک لاکھ 74 ہزار میٹرک ٹن کاپر سینڈک منصوبہ سے نکالا جا چکا ہے۔ قائمہ کمیٹی برائے کم ترقی یافتہ علاقوں کا اجلاس سینیٹر یوسف بادینی کی صدارت میں ہوا۔ کمیٹی نے بیت المال کو سالانہ 2 ارب روپے کی گرانٹ پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ فنڈز زیادہ ہونے چاہئیں۔ وزیر مملکت جام کمال نے کہا کہ متعلقہ ضلع کے ڈی سی کے اکائونٹس میں آئل کمپنیوں نے سوشل ویلفیئر فنڈز کے اربوں روپے جمع کرائے ہیں صوبوں کو جو پیداوار کا حصہ ملنا ہے اس کو وہ عوام کی ویلفیئر پر خرچ کریں۔