آزاد عدلیہ کی موجودگی میں فوجی عدالتوں کی منظوری بزدل قیادت کو حکومت کا حق نہیں: وفاقی وزیر ریاض پیرزادہ
اسلام آباد (نیشن رپورٹ) بین الصوبائی رابطہ کے وفاقی وزیر ریاض حسین پیرزادہ نے سعودی عرب کو مسلم دنیا میں عدم استحکام کا ذمہ دار قرار دیدیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کی بڑی وجہ سعودی عرب کی طرف سے پاکستان سمیت دنیا بھر میں اپنے نظرئیے کو پھیلانے کے لئے پیسے تقسیم کرنا ہے۔ جناح انسٹی ٹیوٹ تھنک ٹینک کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس صورتحال کو کنٹرول کرنا ہو گا۔ انہوں نے حکومت پاکستان پر بھی کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آزاد عدلیہ کی موجودگی میں فوجی عدالتیں بنانے کی منظوری دینا حکمرانوں کی کمزوری کو ثابت کرتا ہے اور ایسے بزدل حکمرانوں کو اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔ آئی این پی کے مطابق ریاض پیرزادہ نے کہا عدم استحکام کا باعث بننے والے پیسے کی سعودی عرب سے پاکستان آمد کا سلسلہ بند کرنے کا وقت آ گیا، آزاد عدلیہ کی موجودگی میں فوجی عدالتوں کا قیام کمزور اور خوف زدہ قیادت کی نشاندہی کرتی ہے، ایسی بزدل قیادت کو کوئی حق نہیں کہ وہ حکومت میں رہے۔ قبل ازیں دو روزہ کانفرنس کے آغاز پر جناح انسٹیٹیوٹ کی سربراہ شیری رحمن کا کہنا تھا کہ اس کانفرنس میں ایک بہتر اور مستحکم پاکستان کے حوالے سے خیالات کا تبادلہ کیا جائے گا۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شفقت محمود نے کہا کہ حکومت عام آدمی کے مسائل کا حل کرنے میں ناکام ہو گئی ہے۔ فوجی عدالتوں کے قیام پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے رہنما افرسیاب خٹک نے کہا کہ جمہوری قوتوں کو 21ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے رہنما فاروق ستار نے فوجی عدالتوں کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں سے نمٹنے کا اس کے علاوہ اور کوئی طریقہ نہیں تھا۔