• news

دینہ: کیپٹن اسلام شہزاد شہید پورے فوجی اعزاز کیساتھ آبائی قبرستان میں سپردخاک

دینہ (نامہ نگار) باجوڑ میں دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے جام شہادت حاصل کرنیوالے پاک آرمی کے کیپٹن اسلام شہزاد شہید کو انکے آبائی قبرستان دینہ مفتیاں میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک کردیا گیا ہے۔ نمازِ جنازہ میں سٹیشن کمانڈر جہلم بریگیڈیئر ڈار، کرنل ایف سی باجوڑ محمد عمر، ایم این اے باجوڑ شہاب الدین، ایم پی اے مہر محمد فیاض، اسسٹنٹ کمشنر تحصیل دینہ اشرف گجر، صحافی امجد محمود سیٹھی، ٹی ایم او گلریز وڑائچ، سابق سٹی نائب ناظم ادریز اختر، سینئر وائس چئیرمین اخبار فروش یونین دینہ رضوان سیٹھی سمیت مذہبی، سیاسی، کاروباری سمیت علاقہ بھر کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ نماز جنازہ کے موقع پر ہر آنکھ اشکبار تھی۔ باجوڑ ایجنسی میں شہید ہونے والے پاک آرمی کے کیپٹن اسلام شہزاد 9 سال قبل فوج میں بطور سپاہی بھرتی ہوئے تھے۔ 3 سال قبل ان کی تعلیم اور حافظ قرآن ہونے کی وجہ سے انہیں کمشن دیا گیا اور ٹریننگ کے بعد وہ کیپٹن کے عہدے پرفائز ہوئے، شہید کی بیوہ کے علاوہ 5 سالہ بیٹی اور 3 سالہ بیٹا، دو بھائی ہیں۔ شہید کیپٹن کے والد فضل الٰہی نے کہا کہ میرے بیٹے نے میرے کہنے پر فوج میں بھرتی ہوا اور بہت ہی نیک بچہ تھا۔ مجھے فخر ہے کہ میرے بیٹے نے ملک کی خاطر قربانی دے کر میرا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔ ملک کی خاطر میرے باقی دونوں بیٹوں کی ضرورت پڑی تو جان دینے سے گریز نہیں کریں گے۔ اس موقع پر سٹیشن کمانڈرجہلم بریگیڈئر ڈار نے کہا کہ کیپٹن اسلام شہزاد شہید نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت پائی۔ باجوڑ کے رکن قومی اسمبلی شہاب الدین بھی کیپٹن اسلام شہزاد شہید کی نماز جنازہ میں شرکت کیلئے دینہ آئے۔ بعدازاں انہوں نے دینہ کے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس بہادری کے ساتھ کیپٹن اسلام شہزاد نے ملک کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا ہم اس کو سلام کرتے ہیں۔ اس موقع پر ایم پی اے مہر محمد فیاض نے کہا کہ کیپٹن اسلام شہزاد شہید نے بہادری سے ملک کا دفاع کرتے ہوئے اپنی جان قربان کی۔

ای پیپر-دی نیشن