بھارتی پراپیگنڈہ مسترد جان کیری نے دہشت گردی کے خلاف پاکستانی اقدامات کی تعریف کی: جلیل عباس
واشنگٹن(آئی این پی )پاکستان نے امریکہ کی جانب سے دی جانے والی مبینہ دھمکی کے بھارتی پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی میڈیا خبریں گھڑنے اور مبالغہ آرائی کا عادی ہے، امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف پاکستان کے اقدمات کو سراہا ہے، کسی کو بھی دوسرے ممالک کے خلاف ہماری سرزمین استعمال کرنے کی اجازت نہیں۔ امریکہ میں پاکستان کے سفیر جلیل عباس جیلانی نے واشنگٹن میں ایک انٹرویو میں بھارتی میڈیا کی رپورٹ پر ردعمل کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ بھارتی میڈیا میں خبریں گھڑنے اور مبالغہ آرائی کا عادی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حقیقت تو یہ ہے کہ گزشتہ ہفتہ پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف پاکستان کے اقدمات کو سراہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان پہلے ہی شمالی وزیرستان ایک بڑا آپریشن شروع کرچکا ہے اور ملک کے دیگر علاقوں میں بھی ایسے ہی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ہماری پالیسی ہے کہ کسی کو بھی دوسرے ممالک کے خلاف ہماری سرزمین استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ ایک بھارتی خبر ایجنسی رپورٹ دی تھی کہ امریکہ نے پاکستان کو تنبیہ کی ہے کہ اِس بات کو یقینی بنانے کے لئے کہاہے کہ صدر اوباما کے بھارت کے دورے کے دوران سرحد پار سے دہشت گردی کا واقعہ نہیں ہوگا۔