• news

دنیا آنکھیں کھول کر مختلف شعبوں میں پاکستان کا کردار دیکھے: بان کی مون

اقوام متحدہ (نمائندہ خصوصی) اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری بانکی مون نے کہا ہے کہ دنیا آنکھیں کھول کر اور ذہن کو وسیع کرکے پوری طرح سے پاکستان کے مختلف شعبوں میں کردار کو دیکھے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان کیلئے الوداعی استقبالیہ کے موقع پر سفارتکاروں، اقوام متحدہ کے سینئر اہلکاروں، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور صحافیوں نے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ چیزیں علامہ اقبال کی نظموں اور قائداعظم محمد علی جناح کے ویژن میں نظر آتی ہیں۔ یہ ہمیں نصرت فتح علی خان کے سریلے نغموں میں نظر آتا ہے۔ ہم ملالہ یوسفزئی کی حوصلہ مندی سے بہت متاثر ہیں۔ اچھے دنوں میں ہم پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھیل سے لطف اندوز ہوتے رہے ہیں۔ مسعود خان دو سال کی سروس کے بعد اگلے ماہ واپس اسلام آباد پہنچ رہے ہیں، انکی جگہ ملیحہ لودھی سنبھالیں گی۔ بانکی مون نے مسعود خان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ اقوام متحدہ میں تعلقات کو جوڑنے والی شخصیت ہیں، توقع ہے کہ وہ امن، برداشت کے فروغ کیلئے کام کرتے رہیں گے۔ مسعود خان کی قیادت میں پاکستان نے سکیورٹی کونسل میں مضبوط کردار ادا کیا ہے۔ اس میں سلامتی کونسل میں اصلاحات اور امن کے قیام کی کوششیں شامل ہیں۔ اس سے قبل مسعود خان نے تمام حاضرین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ اقوام متحدہ کو بہت زیادہ مس کرینگے۔ انہوں نے بانکی مون کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس سے قبل آسٹرین سفیر مارٹن ساجد (صدر اکنامک اینڈ سوشل کونسل) نے بھی مسعود خان کو خراج تحسین پیش کیا۔

ای پیپر-دی نیشن