• news

کوٹ لکھپت جیل میں 2 دہشتگردوں کو آج پھانسی کا امکان ‘راولپنڈی، قتل کے مجرم کے ڈیتھ وارنٹ جاری

لاہور (صباح نیوز) لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں آج جمعہ کو دو دہشت گردوںکو تختہ دار پر لٹکائے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق کو ٹ لکھپت جیل میں موجود سزائے موت کے دو قیدیوں عمر ندیم اور احسان اعظم کو آج جمعہ کے روز پھانسی دی جائے گی۔ دونوں قیدیوں پر گجرات میں قائم آرمی کیمپ پر حملے کا جرم ثابت ہونے پر سزائے موت سنائی گئی تھی۔ مزید برآں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی محمد تنویر اکبر نے قتل کے مجرم کی سزائے موت کے فیصلہ پر عملدرآمد کے لئے ڈیتھ وارنٹ کے اجراء کی درخواست منظور کرتے ہوئے ڈیتھ وارنٹ جاری کر نے کا حکم جاری کر دیا‘ تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد سنٹرل جیل اڈیالہ میں قتل کے مجرم کو آئند ہ 72گھنٹوں میں مجرم شعیب سرور کو تختہ دار پر لٹکائے جانے کا امکان ہے۔ مجرم شعیب سرور پر 21 جنوری 1996ء میں قیس نواز نامی شہری کوقتل کرنے کا الزام تھا۔ شعیب سرور کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی نے 22 جولائی 1998ء میں سزائے موت کا حکم سنایا جس کے خلاف ملزم کی جانب سے ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ میں اپیلیں کی گئیں جو مسترد ہو گئیں جس کے بعد اکتوبر 2014ء میں شعیب سرورکو پھانسی دیئے جانے کے پیش نظر اس کے اہل خانہ نے ہائیکورٹ میں انٹرا کورٹ اپیل دائرکردی اور حکم امتناعی حاصل کر لیا۔ ہائیکورٹ نے یہ حکم امتناعی 15جنوری 2015ء کو خارج کر دیا جس کے بعد مدعی مقدمہ جمشید نواز کی جانب سے سیشن جج کو درخواست دی گئی کہ پھانسی کے فیصلے پر عملدرآمد کروایا جائے۔ جمعرات کے روز مدعی مقدمہ جمشید نواز کی جانب سے محمد الیاس صدیقی ایڈووکیٹ سیشن جج کی عدالت میں پیش ہوئے اور ڈیتھ وارنٹ جاری کرنے کیلئے عدالت میں دلائل دئے، جس کے بعد عدالت نے متذکرہ بالا احکامات جاری کر دیئے۔ ڈیتھ وارنٹ آئندہ 24گھنٹے میں جاری اور اس پر عملدرآمد 72گھنٹوں میں متوقع ہے۔

ای پیپر-دی نیشن