افغانستان میں امریکی فوجی مشن میں توسیع کا انحصار وہاں کے حالات پر ہے: جنرل کیمبل
واشنگٹن (اے پی پی) امریکی جنرل جان کیمبل نے کہا ہے کہ افغانستان میں امریکی فوج مشن کے قیام میں توسیع کرنے سے متعلق فیصلے کا انحصار وہاں کے حالات پر منحصر ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق جنرل جان کیمبل نے مذکورہ بات کا اظہار یو ایس آرمی ٹائمز کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی اور نیٹو فورسز کے کمانڈر افغانستان میں فوجی مشن میں توسیع کے حق میں ہیں اور چاہتے ہیں افغانستان میں غیر ملکی فوج کی ایک تعداد برقرار رکھی جائے ۔ امریکی جنرل نے کہا کہ وہ روزانہ کی بنیادوں پر افغانستان میں صورتحال کاجائزہ لے رہے ہیں اور اس کے ساتھ افغان سکیورٹی فورسز کی ان صلاحیتوں کو بھی جانچ رہے ہیں جن کی تربیت جو افغان حکومت امریکہ کی معاونت سے انہیں دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہ دیکھنا چاہتے ہیں کہ ہم اپنے ان مقاصد میں کامیاب ہوئے ہیں جن کا ہدف ہم نے مقرر کیا ہوا تھا۔ جنرل کیمبل افغانستان میں امریکہ اور نیٹو کے نئے آپریشن ’’ ریسلوٹ سپورٹ ‘‘ کے سربراہ ہیں۔مذکورہ مشن براہ راست خطرے کی صورت میں دشمنوں سے جنگ کر سکتا ہے اور اس کے ساتھ افغان حکومت کا دفاع بھی اس کی ذمہ داری ہے ۔ انٹرویو میں امریکی جنرل نے کہا کہ افغانستان سے انخلاء یا مزید فوج طلب کرنے کے بارے حتمی طور پر کچھ کہنا ابھی قبل ازوقت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی کمانڈ اور جائنٹ سٹاف کے ساتھ حالات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور آئندہ دو ماہ یا زیادہ کے بعد ہم کسی پوزیشن میں ہونگے کہ کوئی اعلان کرسکیں۔ انہوں نے طالبان کی کامیابی بارے میڈیا کی رپورٹس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ طالبان ناکام ہوگئے ہیں کیونکہ گزشتہ لڑائی کے سیزن میں وہ اپنے سٹریجٹک اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں ۔ ان کی لیڈر شپ میں دراڑیں پڑ گئیں اور ان کو سیاسی طور پر زنگ لگ گیا تاہم امریکی جنرل نے کہا کہ طالبان بدستور خطرہ ہیں۔