بجلی، گیس اور پٹرول کے بعد محکمہ ڈاک کی ٹکٹوں کا بحران پیدا ہو گیا
لاہور (آئی این پی) بجلی، گیس اور پٹرول کے بعد پنجاب بھر میں محکمہ ڈاک کے ٹکٹوں کا بحران پیدا ہو گیا۔ 2015ء میں 22روز بعد بھی عوام کو ٹکٹ دستیاب نہیں، ٹکٹوں کی عدم دستیابی سے پنجاب بھر میں ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کا عمل معطل ہو گیا۔ جمعرات کو نجی ٹی وی کے مطابق پنجاب بھر میں بجلی، گیس اور پٹرول کے بحران کے بعد اب محکمہ ڈاک کے ٹکٹوں کا بھی بحران پیدا ہو گیاہے۔22روز بعد بھی عوام کو 2015کے ٹکٹ دستیاب نہیں، ڈاک ٹکٹوں سے اسلحہ ، روٹ پرمٹ اور ڈرائیونگ لائسنس کی بھی تجدید کی جاتی ہے، ٹکٹوں کی عدم دستیابی سے پنجاب بھر میں ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کا عمل معطل ہو گیاہے، اس حوالے سے محکمہ ڈاک کے حکام نے موقف اختیار کیا کہ ڈیمانڈ بھجوا دی گئی ہے ابھی تک ٹکٹ پرنٹ ہو کر نہیں آئے۔ ذرائع کے مطابق ڈاک ٹکٹ دستیاب نہ ہونے سے شہری پریشان ہو رہے ہیں ۔