کراچی، فائرنگ، تشدد، متحدہ کارکن سمیت 4 ہلاک، ڈبل سواری پر پابندی ختم
کراچی (این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) شہر قائد کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں ایم کیو ایم کے کارکن سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔ اورنگی ٹاؤن غازی آباد میں نامعلوم افراد نے سر اور سینے پر گولیاں مارکر 35 سالہ عابد ولد شمیم احمد کو قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق مقتول متحدہ قومی موومنٹ کے اورنگی ٹاؤن سیکٹر کے یونٹ 118کا جوائنٹ یونٹ انچارج اور واٹر بورڈ کا ملازم تھا۔ واقعہ کے وقت وہ بازار سے سبزی لے کر گھر آرہا تھا۔ مقتول کو گذشتہ کئی دنوں سے علاقہ چھوڑنے کی دھمکیاں دی جارہی تھیں۔ گارڈن، لیاری اور بھینس کالونی سے 3 افراد کی نعشیں ملی ہیں جنہیں شناخت اور دیگر قانونی کارروائی کے لئے قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ دوسری جانب رینجرز نے ملیر میں کارروائی کرتے ہوئے جرائم کی سنگین وارداتوں میں ملوث 7 ملزموں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ اور منشیات برآمد کرلی ہے۔ مزید برآں متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کارکن عابد کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ محمد عابد کے بہیمانہ قتل میں ملوث سفاک ملزمان کو فی الفور گرفتار کیا جائے اور ایم کیوایم کے کارکنان کے سیاسی، قانونی اور بنیادی حقوق سلب کرنے، انہیں دہشت گردی کا نشانہ بنانے اور سندھ حکومت کی جانب سے کارکنان کے قتل کے واقعات اور شہر میں امن و عامہ کی بدترین صورتحال پر آمرانہ رویہ فی الفور بند کرایا جائے۔ مزید برآں نوائے وقت رپورٹ کے مطابق رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کر کے کالعدم تنظیم کے 9 اور لیاری گینگ وار کے 4 کارندے گرفتار کر لئے۔ ترجمان کے مطابق سہراب گوٹھ، لیاقت آباد ماڈل کالونی اور پٹھان کالونی سے کالعدم تنظیم کے 9 ملزم گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ لیاقت آباد کراچی میں پولیس نے کارروائی کر کے پولیو ٹیم سے رقم لوٹنے والے 4 ملزموں کو گرفتار کر لیا۔ ایس ایس پی کورنگی جنید شیخ کے مطابق ملزموں نے گذشتہ روز صبح انسداد پولیو ٹیم سے 5 لاکھ روپے لوٹے تھے۔ گرفتار ملزموں میں محکمہ صحت کے 2 ملازم بھی شامل ہیں۔ پاک کالونی کراچی کے علاقے سے مبینہ ٹارگٹ کلر کو گرفتار کر لیا گیا۔ اس کے قبضہ سے اسلحہ برآمد ہوا ہے۔ ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق ملزم متعدد قتل، جرائم کی درجنوں وارداتوں میں ملوث ہے۔ مزید برآں کراچی میں ڈبل سواری پر عائد پابندی ختم ہو گئی۔ نجی ٹی وی کے مطابق کراچی میں پولیو مہم کے باعث تین روز کیلئے موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کی گئی تھی جو گذشتہ رات 12 بجے ختم ہو گئی۔