• news

اقوام متحدہ میں قانون سازی سے انبیاء کی گستاخیاں روکی جائیں: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے28ممالک کے سربراہان اور عالمی اداروں کے ذمہ داران کے نام اپنے خط میں فرانس میں شائع ہونے والے گستاخانہ خاکوں کی پرزور مذمت کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ اقوام متحدہ میں قانون سازی کے ذریعے انبیائے کرام کی شان میں گستاخیوں کا سلسلہ روکا جائے۔ عالمی برادری تمام انبیاء اور آسمانی کتب کے احترام کو لازم قرار دے اور اس قبیح جرم کا ارتکاب کرنے والا کسی بھی مذہب سے تعلق رکھتا ہو اس کے خلاف انسانیت کے خلاف جرم کا مقدمہ درج کیا جائے۔ فرانس، ڈنمارک، برطانیہ، جرمنی، اٹلی اور امریکا سمیت دیگر ممالک کے سربراہان اور اقوام متحدہ اور او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کے نام  خط میں سراج الحق نے کہا ہے کہ نبی آخرالزمان حضرت محمد ﷺ کے خاکوں اور آپﷺ کی شان میں گستاخی نے پوری مسلم دنیا کو اضطراب میں مبتلا کر دیا ہے۔ ضروری ہے  مؤثر قانونی اقدامات کیے جائیں تاکہ فرانس میں شائع ہونے والے رسالے کے خاکوں جیسے افسوس ناک اقدام کا اعادہ نہ ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم دنیا بھر کے انسانوں کی آزادی، احترام کو تسلیم کرتے ہیں ضروری ہے کہ امت مسلمہ اور امت مسلمہ کی محبوب ہستی کے لیے بھی یہ حق تسلیم کیا جائے۔ انہوں نے بعض یورپی ممالک میں مساجد اور عام مسلمانوں کے خلاف ہونے والی متعصبانہ کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے مزید کہا کہ اپنے ہی ملک کے شہریوں کے خلاف پرتشدد کارروائیاں تنازعات میں اضافے کا باعث بنیں گی۔

ای پیپر-دی نیشن