یمن میں سیاسی بحران شدت اختیار کر گیا : صدر‘ وزیراعظم اور کابینہ مستعفی
صنعا (نوائے وقت رپورٹ+اے ایف پی) یمنی صدر منصور ہادی ‘ وزیراعظم اور کابینہ نے استعفے دے دئیے ہیں۔ عرب ٹی وی کے مطابق سیاسی بحران اور کشیدگی کے سبب وزیراعظم نے کابینہ سمیت استعفیٰ دیا۔ یاد رہے دو روز قبل حوثی باغیوں نے صدارتی محل پر قبضہ کر لیا تھا۔ٹی وی کے مطابق وزیراعظم خالد باح اور کابینہ کے ارکان نے استعفے صدر منصور ہادی کو جمع کرا دئیے ہیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق سیاسی بحران کے حل کی خاطر ہونیوالے معاہدے کے باوجود دارالحکومت اور مضافاتی علاقوں پر حوش ملیشیا کی گرفت ہے۔ عرب ٹی وی کے مطابق یمنی پارلیمنٹ نے صدر منصور ہادی کا استعفیٰ منظور کرنے سے انکار کر دیا۔ یمنی پارلیمنٹ کا ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا تھا، آج پھر ہو گا۔ حوثی رہنما ابوالمالک یوسف نے صدر منصور ہادی کے استعفے کو خوش آئند قرار دیتے کہا ایک صدارتی کونسل بنائی جائے جس میں ہمیں اور دیگر گروپوں کو شامل کیا جانا چاہئے۔ صدر کے ذرائع کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ دارالحکومت صنعاءپر قبضہ کے سبب منصور ہادی نے استعفیٰ دیا۔ صدر کے مشیر نے کہا حوثیوں کی دھمکی کے بعد صدر نے اقدام کیا۔ امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان نے کہا استعفوں کی تصدیق کررہے ہیں۔چار صوبوں عدن، آبیان، لاہیج اور دالیہہ کی انتظامیہ نے کہا فوج کے احکامات کو نہیں مانیں گے
یمن