• news

امریکہ‘ بھارت معاہدے : پاکستان روس سے تعلقات بہتر بنائے : دفاعی ماہرین

لاہور (فرخ سعید خواجہ) امریکہ اور بھارت میں بڑھتے ہوئے تعلقات اور ان کے درمیان نیوکلیئر معاہدے، ڈیفنس ایکویپمنٹس کے لئے بھارت کی طرف سے امریکہ کو آرڈر دئیے جانے پر تبصرہ کرتے ہوئے دفاعی ماہرین اور سینئر جرنیلوں نے زور دیا ہے کہ امریکہ اور بھارت کے تعلقات سے پریشان ہونے کی بجائے پاکستان کو اپنے گھر کو ٹھیک کرنا چاہئے، روس کے ساتھ پاکستان کے اچھے تعلقات میں مزید اضافہ کیا جائے، روس میں بہت زیادہ پوٹنیشل ہے اس سے پاکستان بہت فائدہ اٹھا سکتا ہے، امریکہ اور بھارت کے آگے جھکنے کی بجائے ان ممالک کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرنی چاہئے۔ آئی ایس آئی کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) خواجہ ضیاءالدین نے امریکہ کے بھارت کے ساتھ معاہدے بالخصوص نیوکلیئر اور ڈیفنس ایکوپمنٹس کی خریداری کا مقصد بھارت کے روس کے ساتھ تعلقات کو روکنا ہے۔ امریکہ بھارت معاہدے کے تحت بھارت میں باہر کی کمپنیوں کی جانب سے نیوکلیئر پاور ہاﺅس بنانے سے بھارتی معیشت مزید مضبوط ہو گی جس سے پاکستان کے لئے اس کی دشمنی مزید بڑھے گی۔ ماضی کی حکومتوں نے روس کو نظرانداز کرکے امریکہ سے تعلقات بڑھائے جس کا پاکستان کو نقصان اٹھانا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ روس اور چین میں تعلقات بھی بہتر ہو رہے ہیں اس کا پاکستان کو پورا فائدہ اٹھانا چاہئے۔ سابق صدر ایکس سروس مین سوسائٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض علی چشتی نے کہا کہ امریکہ بھارت کے معاہدوں سے خوفزدہ ہونے کی بجائے اپنے اندر جان پیدا کرنی چاہئے، امریکہ اور بھارت کے سامنے پچھلی اور موجودہ حکومتیں لمبا لیٹ کر پاکستان کے مفاد کے خلاف چلتی رہی ہیں۔ ہمیں بھارت پر واضح کر دینا چاہئے کہ کشمیریوں کو حق خودارادیت دے کر کشمیر کا فیصلہ کرے، بزدلی دکھانے سے کام نہیں بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ اینٹ کا جواب اینٹ سے نہیں دینا تو کم از کم پتھر سے تو دیں جو موت سے نہیں ڈرتا وہ کسی کے قابو میں نہیں آتا۔
دفاعی ماہرین


ای پیپر-دی نیشن