خصوصی عدالت نے مشرف کیخلاف ججز نظربندی کیس کی سماعت 6فروری تک ملتوی کر دی
اسلام آباد (نامہ نگار) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں ملزم پرویز مشرف کے خلاف ججز نظربندی کیس کی سماعت 6فروری تک ملتوی کر دی گئی ہے۔ اسلام آباد میں حال ہی میں انسداد دہشت گردی کی نئی عدالت تشکیل دی گئی تھی اور ججز نظر بندی کیس انسداد دہشت گردی کی عدالت نمبر ون سے عدالت نمبر ٹو میں منتقل کر دیا گیا تھا۔ انسداد دہشت گردی عدالت نمبر ون کے جج سید کوثر عباس زیدی سپیشل کورس کی وجہ سے رخصت پر تھے جس کی وجہ سے کیس عدالت نمبر ٹو کے جج سہیل اکرام کو منتقل نہ ہو سکا، انسداد دہشت گردی کے جج سید کوثر عباس زیدی کی جگہ ان کی عدالت میں سہیل اکرام نے بطور ڈیوٹی جج کے فرائض سرانجام دئیے۔ سماعت شروع ہوئی تو سپیشل پراسیکیوٹر عامر ندیم تابش، ملزم کے کونسل الیاس صدیقی اور تفتیشی افسر ریکارڈ کے ساتھ عدالت میں موجود تھے۔ کیس عدالت نمبر ٹو میں منتقل ہونے کے بعد سہیل اکرام ججز نظربندی کیس کی سماعت کریں گے۔
مشرف/ کیس