پنجاب کے محکموں کی نااہلی، 6 ماہ میں ترقیاتی بجٹ ہدف کے مقابلے 6.23 فیصد کم استعمال ہوا
لاہور (احسن صدیق) صوبہ پنجاب کے محکموں کی نااہلی سے مالی سال 2014-15ءمیں جولائی سے دسمبر 6 ماہ کیلئے ترقیاتی بجٹ کا استعمال ہدف کے مقابلے میں 62.3 فیصد کم ہوا ہے۔ حکومت پنجاب نے رواں مالی سال کیلئے ترقیاتی بجٹ کے استعمال کا ہدف 172.5 ارب روپے مقرر کیا تھا جس کے مقابلے میں پنجاب حکومت کے محکمے صرف 64.9 ارب روپے ترقیاتی منصوبوں پر استعمال کرسکے۔ واضح رہے گزشتہ مالی سال 2013-14ءمیں بھی اتنی مدت کے دوران صوبائی محکمے ترقیاتی بجٹ کے استعمال کی مد میں 37.31 ارب روپے استعمال کرسکے تھے جبکہ اتنی مدت کیلئے پنجاب حکومت نے ترقیاتی بجٹ کے استعمال کا ہدف 145 ارب روپے مقرر کیا تھا۔ یہ امر بھی قابل ذکر ہے 2014-15 ءکے ترقیاتی بجٹ کے ماہانہ جائزہ اجلاسوں میں پی اینڈ ڈی حکام صوبائی محکموں کو ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کرنے کیلئے کام کی رفتار تیز کرنے پر زور دیتے رہے لیکن اسکا کوئی قابل ذکر نتیجہ نہیں نکل سکا۔ اقتصادی ماہرین کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 6 ماہ کے دوران ترقیاتی بجٹ کو استعمال کرنے کے اعداد و شمار کی روشنی میں اندازہ ہے کہ رواں مالی سال کیلئے مختص 345 ارب روپے کے ترقیاتی بجٹ کو پوری طرح استعمال کرنے کا ہدف حاصل نہیں ہوسکے گا۔
محکمے نااہلی