• news

نیا کیمپس بننے سے مزید 25 ہزار طلبا تعلیم حاصل کرینگے: وی سی گورنمنٹ کالج یونیورسٹی

لاہور (انٹرویو: میاں علی افضل) گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں 27نئے پروگرام کے آغاز سے3سال میں طلباءکی تعداد دوگنی ہو گئی ہے ہر آنے والے دن کیساتھ ورلڈ رینکنگ میں یونیورسٹی کی درجہ بندی بہتر سے بہتر ہو رہی ہے طلباءکو سالانہ ساڑھے 3کروڑ روپے سکالر شپس دی جا رہی ہے سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔ وزیر اعظم نے کالا شاہ کاکو کیمپس کےلئے فنڈز جاری کر دئیے ہیں نئے کیمپس کی تعمیر سے 20سے 25ہزار مزید طلباءتعلیم حاصل کر سکیں گے۔ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کی بلڈنگ کی تزئین پر خصوصی کام کیا گیا ہے طالبات یونیورسٹی میں مکمل محفوظ ہیں۔ تعلیمی معیار کو برقرار رکھنے کےلئے تمام ممکنہ وسائل کا استعمال کیا جا رہا ہے ماضی کے مقابلے میں یونیورسٹی کے تعلیمی معیار میں مزید بہتری آئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خلیق الرحمان نے نوائے وقت کو خصوصی انٹرویو میں کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر خلیق الرحمان نے کہا کہ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں لاءپروگرام کا آغاز کیا جا رہا ہے اس حوالے سے کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ میس کام پروگرام بھی مستقبل میں شروع کیا جائے گا۔ کالا شاہ کاکو کیمپس کی تعمیر کے آغاز کےلئے تیزی سے کام جاری ہے اور فنڈز کی منظوری کے بعد امید ہے کہ آئندہ ایک سال میں اس کا کام شروع ہو جائے گا نیا کیمپس 90ایکڑ رقبہ پر تعمیر کیا جا رہا ہے۔ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی ایک ہزار ورلڈ کلاس یونیورسٹیوں میں شامل ہو چکی ہے۔ سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ سکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔ میں نے خود فائرنگ کی ٹریننگ حاصل کی۔ تمام سکیورٹی گارڈ کی بھی آرمی سے تربیت کروائی گئی ہے۔ بڑی تعداد میں کلوز سرکٹ کیمرے لگائے گئے ہیں۔ یونیورسٹی کی بیرونی دیواروں پر خاردار تار لگائے گئے ہیں جبکہ دیواروں کو بھی اونچا کیا گیا ہے واک تھرو گیٹ اور میٹل ڈیٹیکٹر سے آنے والے تمام افراد کی چیکنگ کی جا رہی ہے۔ یونیورسٹی میں طالبات مکمل محفوظ ہیں۔ ماضی میں ہونے والے واقعات کے بعد اس حوالے سے زیرو ٹالرنس رکھی گئی۔
ڈاکٹر خلیق

ای پیپر-دی نیشن