• news

مشرف کو حاضری سے 25 مرتبہ استثنیٰ، ججز نظر بندی کیس گینز بک میں شامل ہو سکتا ہے

اسلام آباد (رستم اعجاز ستی/ نامہ نگار) ججز نظربندی کیس گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ ججز نظربندی کیس میں نامزد ملزم مشرف کو 25 مرتبہ ایک روز کے لئے حاضری استثنیٰ دیا گیا ہے جس کی مثال دنیا کی عدالتی تاریخ میں نہیں ملتی۔ ملزم کو 25 مرتبہ استثنیٰ ملنے کے ساتھ ساتھ چار مرتبہ کیس میں ججز آٹھ مرتبہ تفتیشی افسر تبدیل ہوئے۔ ملزم کو 25 مرتبہ حاضری سے استثنیٰ دیا گیا۔ اس دوران ان کے وکیل نے مستقل استثنیٰ کی درخواست دائر کر دی جس پر دلائل مکمل ہو گئے اور فیصلہ محفوظ کر لیا گیا جس کے بعد انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج کوثر عباس زیدی سے یہ مقدمہ نئی انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج سہیل اکرام کو منتقل ہو گیا، مقدمہ کے سپیشل پراسکیوٹر کے مطابق اب دوبارہ نئے جج کے روبرو مستقل استثنیٰ کی درخواست پر بحث ہو گی۔ پہلے خصوصی عدالت کے جج سید کوثر عباس زیدی نے سماعت کی۔ کیس عتیق الرحمن کی عدالت میں زیرسماعت رہا جس کے بعد دوبارہ سید کوثر عباس زیدی کو منقل ہو گیا اور اب ایک مرتبہ پھر یہ مقدمہ نئے جج سہیل اکرام کی عدالت کو منتقل ہو گیا، معروف قانون دان کرنل (ر) انعام الرحیم نے نوائے وقت سے گفتگو میں کہا کہ وہ چیف جسٹس آف پاکستان کو مراسلہ ارسال کریں گے جس میں کہا جائے گا کہ اس کیس کو گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کیا جائے۔ ملزم نام نہاد بیماری کا بہانہ بنا کر 25 مرتبہ استثنیٰ حاصل کر چکا ہے۔
گینز بک

ای پیپر-دی نیشن