• news

بدعنوان عناصر کی گرفتاری کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں: چیئرمین نیب

اسلام آباد (نامہ نگار) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین قمر زمان چودھری نے کہا ہے کہ نیب پاکستان میں انسداد بدعنوانی کا سب سے بڑا ادارہ ہے جسے آگاہی کے جامع طرز عمل، انسداد اور انفورسمنٹ کے ذریعے کرپشن کے خاتمہ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، بدعنوان عناصر اور اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں، نیب کے افسران بدعنوانی پر قابو پانے کیلئے زیادہ چوکس رہ کر اور بھرپور جذبہ سے کام کریں، نیب راولپنڈی کے وہ تمام شعبے جن کی نگرانی کی جا رہی تھی کی کارکردگی لائق تحسین پائی گئی تاہم بہتری کی گنجائش ہر جگہ موجود ہوتی ہے۔ یہ بات انہوں نے نیب راولپنڈی بیورو کے دورہ کے موقع پر علاقائی بیورو کے سالانہ معائنہ کا جائزہ لیتے کہی۔ اس موقع پر ٹیم کے سینئر ممبر نے چیئرمین نیب کو معائنہ اور اس کے چیدہ چیدہ نکات کے علاوہ راولپنڈی بیورو کی بعض کمزوریوں و خامیوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا چیئرمین نیب کی ہدایت پر پہلی مرتبہ نیب کی تاریخ میں مقداریاتی گریڈنگ نظام وضع کیا گیا اور اس نظام کے تحت راولپنڈی بیورو کا معائنہ کیا گیا۔ اپنے افتتاحی ریمارکس میں چیئرمین نیب نے کہا بلاشبہ قومی احتساب بیورو ملک میں انسداد بدعنوانی کیلئے ملک کا سب سے بڑا ادارہ ہے اور یہ آگاہی کے جامع طرز عمل، انسداد اور انفورسمنٹ کے ذریعے کرپشن کے خاتمہ کی ذمہ داری سرانجام دے رہا ہے۔ واضح رہے چیئرمین نیب اس سے قبل نیب لاہور اور کراچی بیوروز کے دورے بھی کر چکے ہیں۔
چیئرمین نیب

ای پیپر-دی نیشن