ملتان: زکریا یونیورسٹی میں 5 طلباءرزلٹ کارڈ نہ ملنے پر ٹینکی پر چڑھ گئے
ملتان (نوائے وقت رپورٹ) بہاءالدین زکریا یونیورسٹی میں ایم ایس سی کمپیوٹر سائنس کے 5 طلباءکا انوکھا احتجاج۔ رزلٹ کارڈ نہ ملنے پر پانی کی ٹینکی پر چڑھ گئے اور نیچے کود جانے کی دھمکی دی۔ ان طلباءنے کہا کہ مطالبات تسلیم نہ ہونے پر ہر آدھے گھنٹے بعد ایک طالب علم ٹینکی سے چھلانگ لگائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایک ماہ سے زائد عرصہ گزر گیا لیکن انتظامیہ رزلٹ کارڈ نہیں دے رہی۔ انہوں نے نومبر 2014 میں امتحان کلیئر کر لیا تھا۔ طلباءنے بتایا کہ وہ دور دراز علاقوں سے روز رزلٹ کارڈ کے لئے آتے ہیں اور رجسٹرار کے پاس چکر لگا کر چلے جاتے ہیں۔ انہوں نے دھمکی دی کہ اگر کسی یونیورسٹی اہلکار نے بھی اوپر آنے کی کوشش کی تو وہ نیچے چھلانگ لگا دیں گے۔ تاہم بعد ازاں یونیورسٹی کے چیف سکیورٹی افسر موقع پر پہنچ گئے اور ایک طالب علم سے مذاکرات کئے۔ انہوں نے کہا کہ ایک دن میں ایک طالب علم کو رزلٹ کارڈ دیاجائے گا۔ میڈیا پر خبر چلنے کے بعد ان طلباءکے کلاس فیلوز وہاں پہنچ گئے۔ پوری کلاس کے طلباءنے بتایا یونیورسٹی نے رزلٹ کارڈ نہیں دیئے۔ بعد ازاں چیف سکیورٹی افسر کی طرف سے رزلٹ کارڈ فراہم کئے جانے کی یقین دہانی کے بعد پانچوں طلبا ٹینکی سے نیچے اتر آئے۔
زکریا یونیورسٹی طالب علم