سرچ آپریشن: لاہور میں 16 مشتبہ افراد حافظ آباد سے 5 افغان باشندے گرفتار
لاہور (نامہ نگار) پولیس و قانون نافذ کرنے والے اداروں نے صوبائی دارالحکومت میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے 16 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سرچ آپریشن دہشت گردوں کی شہر میں اطلاع کے بعد کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے جن افراد کو حراست میں لیا ان میں اکثریت افغانیوں اور پٹھانوں کی ہے۔ مزید برآں حافظ آباد کے نمائندہ نوائے وقتکے مطابق حافظ آباد پولیس اور سیکورٹی اداروں نے شہر بھر میں غیر ملکی باشندوں کے خلاف سرچ آپریشن کے دوران 5 افغانیوں کو دستاویزات نہ ہونے پر گرفتار کرکے انکے خلاف تھانہ سٹی حافظ آباد میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔ گرفتار ہونے والوں میں محمود اﷲ ولد عبدالکریم، کمال دین ولد عبد الکریم، عبد الستار ولد محمد سرفراز، مراد خاں ولد امیر خان اور مصری خان ولد غازی شامل ہیں۔