’’شاہ عبداللہ کو عالمی مدبر کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا‘‘ شہباز شریف کی سعودی سفیر سے تعزیت
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف آج اسلام آباد میں سعودی عرب کے سفارتخانے گئے اور سعودی عرب کے فرمانروا خادم الحرمین الشریفین شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کے انتقال پر قائم مقام سفیر محمد جاسم الخالدی سے تعزیت کا اظہار کیا۔ شہبازشریف نے سعودی سفارتخانے میں رکھی تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات درج کئے۔اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ شاہ عبداللہ کو عالمی مدبر اور عظیم رہنما کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔ شاہ عبداللہ پاکستانی عوام کے ساتھ دلی لگائو رکھتے تھے اور وہ پاکستان کے ہمدرد، مخلص اور سچے دوست تھے۔ ارکان اسمبلی سے گفتگو میں شہبازشریف نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کو شکست فاش دینے کیلئے پوری قوم فیصلہ کرچکی ہے۔ دہشت گردوں نے ملک کا امن تباہ کیا اور معیشت کو نقصان پہنچایاہے۔ دہشت گردوں کو کہیں سرچھپانے کی جگہ نہیں ملے گی۔ پاکستان کے 18کروڑباہمت عوام دہشت گردوںکے عزائم ناکام بنا دیں گے۔ دہشت گردوں کے خلاف جنگ جیت کر ملک کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے جلالپور بھٹیاں میں 5 سالہ بچے کے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ شہبازشریف نے مسلم لیگ (ن) کے سابق رکن پنجاب اسمبلی اسد اشرف کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔