ورلڈکپ ٹور سلیکشن کمیٹی، کپتان کوچ اور چیف سلیکٹر میں ٹھن گئی
کرائسٹ چرچ (آئی این پی)پاکستان کرکٹ ٹیم کی نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز اور ورلڈکپ کیلئے ٹور سلیکشن کمیٹی کی چیئرمین شپ کے لئے کپتان، کوچ اور چیف سلیکٹر میں ٹھن گئی ۔ذرائع کے مطابق چیف سلیکٹر معین خان نے کپتان مصباح الحق اور کوچ وقار یونس کو واضح پیغام دے دیا ہے کہ وہ ٹور سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین ہوں گے۔ کپتان مصبا ح الحق حتمی گیارہ رکنی ٹیم کے انتخاب میں چیف سلیکٹر کی مداخلت پر نالاں ہیں۔ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس کو بھی ورلڈکپ کے موقع پر معین خان کی ڈریسنگ روم میں موجودگی پر تحفظات ہیں۔پی سی بی کے عہدیداران بھی معین خان کو منیجر کے عہدے سے ہٹائے جانے کے باجود انہیں ورلڈکپ سکواڈ کے ساتھ بھجوانے کے مخالف ہیں۔نجم سیٹھی سے قریبی تعلقات ہونے کی وجہ سے چیئرمین پی سی بی شہریار خان صورتحال پر خاموش ہیں۔