دہشت گردی کے خاتمے کے لئے بھرپور کوشش کررہے ہیں: نیول چیف
کراچی (سٹاف رپورٹر) چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ کا ایک اہم حصہ ہے اور ان نامساعد حالات میں مسلح افواج دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے بھر پور کوششیں کررہی ہیں۔ پاکستا ن نیوی اپنے افسران اور جوانوں کی تربیت بین الاقوامی بحری افواج کے معیا ر کے مطابق کرنے کا عزم رکھتی ہے جس کے لیے بین الاقوامی مشقوں ، غیر ملکی فوجی اداروں میں تربیت اور دیگر بین الاقوامی فورمز میں شمولیت کے طریقے استعمال کیے جارہے ہیں۔وہ ہفتہ کو بحریہ آڈیٹوریم میںنیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کے ذیلی کالج پاکستان نیوی انجینئرنگ کالج کے 26ویں کانووکیشن سے بطور مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔ تقریب میں انجینئرنگ کے مختلف شعبوں میں تعلیم مکمل کرنے والے 237 طلبا کو ڈگریاں تفویض کی گئیں۔ڈگریاں حاصل کرنے والوں میں پاکستان نیوی کے 74افسران ، رائل سعودی نیول فورسز کے 10افسران جب کہ نسٹ کے153 سویلین طالب علم شامل تھے میکنیکل انجینئرنگ اور انڈسٹریل اینڈ مینو فیکچرنگ میں بی ای کی ڈگریاں دی گئیں۔