• news

گستاخانہ خاکوں کیخلاف جماعت اسلامی، جماعة الدعوة کے لاہور، کراچی، اسلام آباد میں مارچ

لاہور+ کراچی+ اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ نامہ نگاران+ نیوز رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) گستاخانہ خاکوں کیخلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا اور ریلیاں نکالی گئیں۔ جماعت اسلامی اور جماعة الدعوة کے زیراہتمام لاہور، کراچی اور اسلام آباد میں مارچ نکالے گئے۔ لاہور میں جماعت اسلامی لاہور کے زیراہتمام ناصر باغ سے چیئرنگ کراس تک شان مصطفی ملین مارچ کیا گیا جس کی قیادت میاں مقصود احمد، عبدالغفار عزیز، ڈاکٹر سید وسیم اختر اور دیگر قائدین نے کی جبکہ کراچی میں بھی جماعت اسلامی کے زیراہتمام مارچ نکالا گیا جس کی قیادت امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کی۔ جبکہ جماعة الدعوة کے زیر اہتمام بھی کراچی میں سفاری پارک سے شاہراہ قائدین تک مارچ کیا گیا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ لاہور میں جماعت اسلامی کے ملین مارچ کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ آزادی اظہار رائے کے نام پر کسی بھی مذہب کی توہین عالمی امن کیلئے کسی وقت بھی بہت بڑا خطرہ بن سکتی ہے۔ مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ کا فور ی طور پر اجلاس بلاکر گستاخانہ خاکوں کے معاملے کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کی جائے۔ مارچ میں خواتین اور بچوں کی بھی بہت بڑی تعداد شریک تھی۔ ادھر کراچی میں جماعت اسلامی کے تحت نیپا سے حسن سکوائر تک شان مصطفی ملین مارچ نکالا گیا۔ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ ہم نے وزیراعظم سے اپیل کی تھی کہ او آئی کا اجلاس بلائیں۔ گستاخانہ خاکوں کیخلاف احتجاج کی نمائندگی نواز شریف کریں۔ تمام جماعتیں ناموس رسالت پر متحد ہو جائیں۔ ہم دنیا کو پرامن دیکھنا چاہتے ہیں۔ ہم فرانسیسی سفارت خانے مظاہرہ کرنے گئے تھے، نائن زیرو نہیں۔ سراج الحق نے کہا ہے کہ جب تک فرانس معافی نہ مانگے تحریک تحفظ ناموس رسالت جاری رہے گی۔ اقوام متحدہ حرمت انبیاءکا قانون بنائے۔ ملین مارچ سے اسد اللہ بھٹو، حافظ نعیم الرحمن، تحریک انصاف کے آفتاب جہانگیر اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ ملین مارچ میں مرد و خواتین، بزرگ، بچے، وکلائ، تاجر، صنعت کار اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی، شرکاءنعرے بازی کرتے رہے۔ سراج الحق نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ تمام جماعتوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ تحریک حرمت رسول میں شامل ہوجائیں۔ نواز شریف ناموس رسالت کے معاملے پر تمام جماعتوں کا اجلاس بلائیں اگر ایسا نہیں کیا تو سمجھیں گے وہ مغرب کے ساتھ ہیں۔ علاوہ ازیں تحریک حرمت رسول کے زیر اہتمام کراچی میں حرمت رسول مارچ سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے امیر جماعة الدعوة حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ مسلم حکمران تحفظ ناموس رسالت کونکتہ اتحاد بنا کر عالم اسلام کے جذبات کی ترجمانی کریں۔ حکومتوں کا کام محض اظہار مذمت نہیں تحفظ ناموس رسالت کے لئے عملی اقدامات کرنا ہے۔ ہزاروں مسلمانوں کا خون بہانے والا آج دہلی میں لاکھوں مسلمانوں کے قاتل کا استقبال کررہا ہے۔ پاکستان کے تاجر فرانسیسی مصنوعات کی تجارت ختم کر دیں۔ خواتین بھی فرانسیسی کاسمیٹکس کا استعمال ترک کر دیں۔ مسلم حکمران عالم اسلام کے جذبات کی ترجمانی کریں۔ سفاری پارک سے شاہراہ قائدین تک کئے گئے مارچ کے شرکاءسے سلیم ضیا، اسد اللہ بھٹو، پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی، حافظ اعجاز احمد اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر زبردست جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے، شرکاءگستاخانہ خاکوں کیخلاف نعرے بازی کرتے رہے۔ علاوہ ازیں جماعة الدعوة اسلام آباد کے زیر اہتمام گستاخانہ خاکوں کے خلاف وفاقی دارالحکومت میں ”حرمت رسولﷺ کارواں“ نکالا گیا، کارواں کا آغاز جامع مسجد قباءآئی ایٹ مرکز سے ہوا جو مختلف راستوں سے ہوتا ہوا نیشنل پریس کلب پہنچا جہاں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے سے جماعت اسلامی، مسلم لیگ (ن) اور تاجر رہنماﺅں نے بھی خطاب کیا۔ احتجاجی مظاہرے سے انجینئر نوید قمر اور دیگر رہنماﺅں نے خطاب کیا۔ علاوہ ازیں سنی تحریک کے زیراہتمام اسلام آباد میں مرکز اہلسنت جامعہ رحمانیہ تا ترنول پھاٹک ریلی نکالی گئی۔ ریلی کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے علامہ طاہر اقبال چشتی نے کہا کہ پوری دنیا کے مسلمان گستاخانہ خاکوں کے خلاف صدائے احتجاج بلند کر رہے ہیں لیکن اسلامی ممالک کے حکمران اپنی خاموشی توڑنے کیلئے تیار نہیں۔ علاوہازیں لاہور میں جمعیت علماء(س) لاہور کے زیر اہتمام مولانا عبدالرﺅف فاروقی اور مولانا عبدالرب امجد کی قیادت میں شملہ پہاڑی لاہور پریس کلب میں ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مقررین نے فرانس سے سفارتی تعلقات ختم کرکے اس کے سفیر فی الفور ملک بدر کرنے کا مطالبہ کیا۔ علاوہ ازیں پیپلز پارٹی پی پی 154 کے زیر اہتمام گستاخانہ خاکوں کیخلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی جبکہ دہشت گردوں کے 20 پتلوں کو علامتی پھانسیاں دیں گئیں۔ اس موقع پر لاﺅڈ سپیکر کے استعمال پر پولیس نے خاردار تاریں لگا کر لوگوں کوجلسہ میں شرکت سے روکنے کی کوشش کی بعدازاں پیپلز پارٹی کے زونل صدرڈاکٹر ضرار سمیت دیگر کارکنوں کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا جلسے سے خطاب کرتے ہوئے فیصل میر نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ایک مرتبہ پھر یہ ثابت کر دیا کہ پیپلز پارٹی وہ واحد جماعت ہے جودہشت گردوں کے خلاف بے خوف و خطر ہر قسم کی لڑائی لڑنے کیلئے تیار ہے۔ ریلی میں کارکنوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق مرکزی ادارہ فیضان ابوالبیان کے شعبہ خواتین کے زیر اہتمام مرکزی جامع مسجد فاروق اعظم سے ریلی نکالی گئی جس میں خواتین اور بچیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ شرکاءنے ہاتھوں میں بینرز، کتبے اٹھا رکھے تھے۔ بعدازاں ریلی جی ٹی روڈ سے ہوتی ہوئی گوندلانوالہ چوک پہنچ کر اختتام پذیر ہو گئی۔ علاوہ ازیں انجمن تاجران سٹیل میٹل سکریپ کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی۔ مظاہرین نے گستاخانہ خاکوں کی شدید مذمت کی۔ چھانگا مانگا سے نامہ نگار کے مطابق چھانگا مانگا کے نواحی گاﺅں بھوئے آصل میں مختلف دینی جماعتوں کی مشترکہ ریلی نکالی گئی جس میں سنی تحریک، جمعیت اہلحدیث، جماعة الدعوة کے علاوہ دیگر مذہبی جماعتوں کے کارکنوں نے شرکت کی۔ ریلی مرکزی جامع مسجد حنفیہ غوثیہ اہل سنت و جماعت سے شروع ہو کر مین چوک میں اختتام پذیر ہوئی۔ واہنڈو سے نامہ نگار کے مطابق جامع مسجد گلزار مدینہ سے غلہ منڈی تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ جس میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔
خاکوں کیخلاف مارچ

ای پیپر-دی نیشن