کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کیلئے پاکستان کا ساتھ دینگے‘ چین : انسداد دہشت گردی اور دفاع میں تعاون بڑھانے کا فیصلہ
بیجنگ (نوائے وقت رپورٹ+ بی بی سی+ آن لائن) پاکستان اور چین کے اعلیٰ عسکری حکام کے درمیان ملاقات میں خطے کی سکیورٹی صورت حال اور دفاعی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان انٹیلی جنس شیئرنگ کا فیصلہ بھی کیا گیا، آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے پیپلز لبریشن آرمی ہیڈ کوارٹر میں گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر چین کے آرمی چیف جنرل جیانگاﺅ بھی آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے ساتھ موجود تھے، دونوں ملکوں کی عسکری قیادت کے درمیان ہونے والی اہم ملاقات میں سکیورٹی اور انسداد دہشت گردی کے امور پر تعاون بڑھانے کا بھی فیصلہ کیا گیا، ملاقات میں پاک چین طویل المدتی دفاعی تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ چینی آرمی چیف سے ملاقات میں خطے کی سکیورٹی صورتحال پر بات بھی کی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں طویل مدتی دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا۔ انٹیلی جنس شیئرنگ، معلومات کے تبادلے اور ٹریننگ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا۔ سکیورٹی اور انسداد دہشت گردی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا۔ دریں اثناءآن لائن کے مطابق پاکستان اور چین کی فوجی قیادت نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک دوسرے سے بھرپور تعاون کے عزم کا اظہار کیا ہے اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کےلئے کسی بھی حد تک جائیں گے، ضرب عضب دہشتگردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی ثابت ہو رہا ہے جبکہ چین کے مرکزی فوجی کمشن کے وائس چیئرمین جنرل فان چانگ لانگ نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین فولادی بھائی ہیں، آپریشن ضرب عضب سے دہشت گردی کے خاتمہ میں اہم کامیابیاں قابل تحسین ہیں۔ پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل عاصم باجوہ کی جانب سے جاری ٹوئیٹ کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے بیجنگ میں چین کے وائس چیئرمین سینٹرل ملٹری کمشن سے ملاقات کی۔ اس موقع پر دونوں ملکوں کی اعلیٰ ترین عسکری قیادت نے خطے میں امن و امان کی صورت حال اور ملکی سلامتی کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے باہمی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے دوران وائس چیئرمین سینٹرل ملٹری کمشن جنرل فان نے پاکستان کو دہشت گردی کےخلاف جنگ میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے آپریشن ضرب عضب کی کامیابی کو سراہا، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین اہم سٹریٹجک پارٹنر، انتہائی اہم ہمسایہ ممالک اور فولادی بھائی ہیں۔ انہوں نے ہر قسم کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے پاکستانی قوم اور مسلح افواج سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے اسے فیصلہ کن اور جرا¿ت مندانہ قرار دیا اور کہا کہ اس سے کسی امتیاز کے بغیر کارروائی سے دہشت گردوں کو بڑا نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان میں قومی اتفاق رائے کو بھی سراہا اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کو داد تحسین پیش کرتے ہوئے چین کی طرف سے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔ ان کا کہنا تھا کہ چین دہشت گردی کے خلاف پاکستانی قوم کی قربانیوں اور قومی اتفاق رائے کو سراہتا ہے۔ جنرل فان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین اہم پڑوسی ملک ہیں۔ پاک چین دوستی اور سٹریٹجک تعاون مثالی نوعیت کے ہیں۔ چین ہر طرح کے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے پاکستان کا ساتھ دیں گے۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے، دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کےلئے کسی بھی حد تک جائیں گے۔ اس سلسلے میں ضرب عضب دہشتگردوں کے خلاف بلاتفریق اور فیصلہ کن کارروائی ثابت ہورہا ہے۔ ملاقات میں پاک چین دوستی اور پاکستان میں دہشت گردی کیخلاف جنگ بارے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاکستان چین اتفاق