• news

سرکاری سکولوں کو سولر سسٹم پر منتقل کرنیکی منظوری‘ بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جا سکے گی : شہباز شریف

لاہور (خبر نگار) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت گزشتہ روز اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں پنجاب کے سرکاری سکولوں کو مرحلہ وار آف گرڈ سولر سلیوشن پروگرام کے تحت سولر پر منتقل کرنے کے منصوبے کی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پہلے مرحلے میں پنجاب کے دیہی علاقوں کے چار ہزار سے زائد پرائمری سکولوں کو سولر پر منتقل کیا جائے گا اور اس ضمن میں پرائمری سکولوں میں سولر پینل لگانے کا پروگرام بنایا گیا ہے۔ سولر پینل سے پرائمری سکولوں میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جا سکے گی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پہلے مرحلے میں سکولوں کو سولر پر منتقل کرنے کے حوالے سے تیزرفتاری سے فوری اقدامات اٹھائے جائیں اور دیگر سکولوں میں بھی مرحلہ وار پروگرام کے تحت آف گرڈ سولر سلیوشن متعارف کرانے کیلئے جامع منصوبہ مرتب کیا جائے اور اس ضمن میں میڈیم اور لانگ ٹرم پلاننگ کی جائے، کم آمدن والے خاندانوں کو سولر ہوم سلیوشن کی فراہمی کے حوالے سے قابل عمل پروگرام وضع کیا جائے۔ بنیادی مراکز صحت اورزرعی ٹیوب ویلوں کو سولر پر منتقل کرنے کے حوالے سے قابل عمل منصوبہ مرتب کر کے پیش کیا جائے ۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ دیہی علاقوں کو بائیوگیس اور سولرسے توانائی کی فراہمی کیلئے پائلٹ پراجیکٹ تیارکیا جائے۔ بائیوگیس اور سولر سے توانائی کے حصول کے حوالے سے فنانشل ماڈل بنایا جائے۔ محکمہ زراعت اورمحکمہ لائیو سٹاک مل کر پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے کے حوالے سے یونین کونسل کی سطح پرگاؤں کا انتخاب کرکے مشترکہ اقدامات اٹھائیں اوریہ ماڈل تھل میں بھی متعارف کرانے کے حوالے سے جائزہ لیا جائے، خصوصاً ڈرپ ایریگیشن کے حوالے سے اقدامات اٹھانے کیلئے پروگرام وضع کرنے کیلئے تجاویز مرتب کی جائیں۔ وزیراعلیٰ نے آف گرڈ سولر سلیوشنز کے حوالے سے حتمی سفارشات مرتب کرنے کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز، فنانشل، ٹیکنیکل، مائیکروفنانس اور بینک آف پنجاب کے ماہرین پر مشتمل کمیٹی 10 روز کے اندر سفارشات پیش کریگی۔ جرمنی کے سولر ماہر ڈاکٹر گریون ڈریسمیناور چیف ایگزیکٹو آفیسر قائداعظم سولر پارک نجم شاہ نے آف گرڈ سولر سلیوشنز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ علاوہ ازیں شہبازشریف نے پنجاب میں انسداد خسرہ مہم کو کامیاب بنانے کیلئے محکمہ صحت کو ضروری ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ انسداد خسرہ مہم کو کامیاب بنانے کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں اور پنجاب بھر میں شروع ہونعے والی انسداد خسرہ مہم کو قومی ذمہ داری سمجھ کر چلایا جائے۔
شہبازشریف

ای پیپر-دی نیشن