• news

تحریک انصاف کا ورکرز کنونشن، این اے 122 کے کارکنوں کے ایک دوسرے کیخلاف نعرے

لاہور (خبرنگار) تحریک انصاف پنجاب کے زیر اہتمام ورکرز کنونشن میں این اے 122 کے کارکنوں نے میاں اسلم اقبال کو نہ بلائے جانے پر شدید احتجاج کیا اور کنونشن کے منتظمین اور اپنے اپنے لیڈر کی حمایت اور ایک دوسرے کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ اس موقع پر تحریک انصاف پنجاب کے صدراعجاز احمد چودھری نے کہا کہ ہم صرف یہ چاہتے ہیں کہ الیکشن صاف و شفاف ہوں اور ملک ترقی کرے لیکن آج ملک کے اندر نہ بجلی ہے نہ گیس، نہ پٹرول اور نہ ہی ملکی حالات ٹھیک ہیں۔ ہمیں چاہیے کہ ہم عمران خان کے ساتھ وفاداری کریں جن ورکرز نے احتجاج کیا اور منفی نعرے لگائے ان سے میرا صرف یہ کہنا ہے کہ اپنا دل بڑا رکھیں۔ میاں اسلم اقبال NA-122 کے ایم پی اے ہیں اور رہیں گے اور شعیب صدیقی پاکستان تحریک انصاف کے سر کا جھومر ہیں۔ جو جو الیکشن میں حصہ لینا چاہے گا اسے مکمل حق حاصل ہے۔ NA-122 پاکستان کا ایک اہم حلقہ ہے اور جب یہاں ضمنی الیکشن ہوں گے تو ہم اس حلقے سے الیکشن لڑیں گے۔ کنونشن کا اہتمام تحریک انصاف پنجاب کے ترجمان نعیم میر نے کیا تھا۔ اس موقع پرNA-122 کے ورکرز نے اپنے اپنے لیڈر کی حمایت اور ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔ کنونشن میں شفقت محمود، شیخ امتیاز، حامد زمان، ولید اقبال، شبیر سیال، سلونی بخاری، سعدیہ سہیل سمیت تحریک انصاف NA-122 کے ورکرز کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے نعیم میر نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں جس ملک کے اندر الیکشن صاف و شفاف نہ ہوں وہ ملک اور قوم کبھی ترقی نہیں کر سکتی۔ کنونشن کے آخر میں گستاخانہ خاکوںکیخلاف ایک قرارداد بھی منظور کی گئی اور گستاخانہ خاکوں کی شدید مذمت کی گئی۔
ورکرز کنونشن/ نعرے

ای پیپر-دی نیشن