• news

امریکی صدر کے دورہ بھارت سے قبل پاکستان آرمی چیف کا دورہ چین

اوباما کی بھارت آمد، آرمی چیف جنرل راحیل 2 روزہ دورے پر چین روانہ، سیاسی اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ اوباما کے دورہ بھارت سے قبل پاکستانی آرمی چیف کا دورہ چین معنی خیز ہے : دفاعی تجزیہ کار۔ امریکی صدر اوباما کے دورہ بھارت سے قبل ہی ان کے اور امریکی ترجمان کی طرف سے جاری بیانات میں واضح طور پر بھارت کی جانب جو جھکاﺅ نظر آ رہا تھا اس کا عملی مظاہرہ امریکی صدر کے پُرتپاک استقبال اور اس کے بعد امریکہ اور ہندوستان کے درمیان جوہری معاہدے کو حتمی شکل دینے اور تجارتی و سیاسی تعلقات میں اضافے کی صورت میں سامنے آ رہا ہے۔ اس کے برعکس پاکستان جسے امریکہ اپنا فرنٹ لائن اتحادی کہتا ہے کو ابھی تک دہشت گردی کے اڈے ختم کرنے کی تنبیہ وہ بھی بھارتی زبان میں کی جا رہی ہے جس سے پاکستان کی سلامتی کو لاحق خطرات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ اس صورتحال میں جب بھارت نے پہلے ہی ہمارے خلاف ہر طرف سے محاذ کھول رکھے ہیں ہماری خارجہ پالیسی میں چین اور روس کے ساتھ تعلقات کے نئے باب کا اضافہ ضروری ہو گیا ہے۔ چین کے ساتھ پہلے ہی ہمارے تعلقات انتہائی قریبی ہیں اور کوئی بھی اس میں دراڑ نہیں ڈال سکتا۔ روس کی جانب بھی ہاتھ بڑھانا ہو گا جو پہلے ہی ہمارے ساتھ دوستی اور اچھے تعلقات کے خواہشمند ہیں مگر ہم نے بوجہ امریکہ دوستی ہمیشہ اس امر سے اجتناب کیا ہے۔ اب آرمی چیف کے دورہ¿ چین سے امریکہ اور بھارت کو بھی ایک پیغام مل گیا ہو گا کہ اگر امریکہ نت نئے دوستوں کی خاطر پاکستان کو پیچھے دھکیلنے کی پالیسی پر عمل جاری رکھے گا تو پاکستان بھی چین اور روس کی جانب دوستی کا ہاتھ بڑھانے کا حق رکھتا ہے۔ اب ہمیں مستقبل کی طرف دیکھنا ہے چین کے ساتھ ساتھ روس کے ساتھ بھی ہر قسم کے تجارتی، سیاسی اور فوجی تعلقات کو بہتر بنانا ہو گا تاکہ صرف ایک ملک پر انحصار کی پالیسی سے پہنچنے والے نقصانات کا ازالہ ہو سکے۔

ای پیپر-دی نیشن