کراچی: پولیس مقابلہ میں 3 گینگسٹر ہلاک، فائرنگ سے 2شہری قتل
کراچی (آئی این پی+نوائے وقت نیوز ) کراچی کے علاقے لیاری میں رینجر اور پولیس سے مقابلے کے دوران گینگ وار کے اہم کردار ماب بلوچ سمیت 3 ملزمان ہلاک ہو گئے۔ پولیس کے مطابق کراچی میں رینجرز اور پولیس نے اہم ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر لیاری کی افشانی گلی میں کارروائی کی۔ فورسز کو دیکھ کر ملزمان نے فائرنگ کر دی۔ جوابی کارروائی کے نتیجے میں گینگ وار کے اہم کردار ماب بلوچ سمیت 3 ملزمان ہلاک ہو گئے۔ پولیس نے نعشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا۔ واضح رہے کہ ماب بلوچ قتل، اقدام قتل، اغوا برائے تاوان اور بھتہ خوری کے 70 سے زائد مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا اور اسکا عزیر بلوچ گروپ سے تعلق تھا۔ علاوہ ازیں سنگولین میں نامعلوم افراد نے پولیس کی بکتر بند گاڑی پر دستی بم پھینک دیا۔ پولیس کے مطابق بم پھٹنے سے 2اہلکار زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال داخل کرا دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں لیاری میں آٹھ چوک پر فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہو گیا۔ اورنگی ٹائون میں کرکٹ میچ کے دوران نوجوان ذیشان پراسرار طور پر جاں بحق ہو گیا۔ پولیس حکام کے مطابق اسکی موت گیند لگنے سے ہوئی۔ دریں اثنا رینجرز نے محمدی کالونی اور دائود چورنگی کے علاقوں سے لیاری کے 6 گینگسٹر گرفتار کر لیے۔ دوسری طرف بھینس کالونی میں فائرنگ سے زخمی ہونے والا نوجوان بدر ہمدانی دو روز بعد جناح ہسپتال میں دم توڑ گیا۔