دہشت گردی کا خاتمہ، الزام لگانے والے افغان پولیس چیف کا پاکستانی کوششوں کا اعتراف
کابل (آئی این پی+ صباح نیوز) ماضی میں پاکستان پر الزام لگانے والے افغان پولیس چیف نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کا اعتراف کرلیا۔ پاکستان کی کوششوں کا اعتراف ایک ایسے اعلیٰ سکیورٹی افسر کی جانب سے آیا جنہوں نے ماضی میں پاکستان کے خلاف جارحانہ موقف رکھا۔ قندھار میں صحافیوں سے بات چیت میں صوبائی پولیس چیف جنرل عبدالرازق نے طالبان کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے کے لئے پاکستان افغان حکومت کے ساتھ تعاون کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے بتایا کچھ روز پہلے قندھار ائرپورٹ پر ان کی اور پاکستانی فوجی حکام کی ملاقات ہوئی جو چار برسوں میں افغان اور پاکستانی حکام کی اپنی نوعیت کی پہلی ملاقات تھی۔ واضح رہے گزشتہ ہفتے کمانڈر سدرن کمانڈ اور کور کمانڈر پشاور نے افغانستان کا دورہ کیا تھا۔ صباح نیوز کے مطابق انہوں نے طالبان کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی اور کہا دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں پاکستان کا کردار قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان اور افغانستان دونوں ہی دہشت گردی کا شکار ہیں، دوطرفہ تعاون سے ہی اس کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔