افتخار چودھری کی جانب سے 20 ارب روپے ہرجانے کے دعویٰ کی سماعت 29 جنوری کو ہوگی عمران کے وکلا نے جواب کی تیاریاں کرلیں
اسلام آباد(آئی این پی) سیشن جج اسلام آباد نذیر احمد گجیانہ سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی طرف سے مئی 2013ء کے انتخابات میں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی طرف سے خود پر دھاندلی کے الزامات پر دائر کردہ 20 ارب روپے کے ہرجانے کے دعویٰ کی 29 جنوری کو سماعت کریں گے۔ عدالت نے عمران خان کو اصالتاً یا وکیل کے ذریعے پیش ہونے کا باقاعدہ سمن بھی جاری کردیا ہے ۔ دریں اثناء عمران خان کے وکلاء نے افتخار چودھری کی جانب سے ہتک عزت کے دعویٰ کے حوالے سے حتمی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ حامد خان ایڈووکیٹ سمیت 9 رکنی وکلا پینل عمران خان کا دفاع کرے گا۔ ذرائع کے مطابق 22 صفحات پر مشتمل جواب جمع کرایا جائے گا۔