بجلی گیس بحرانوں کے تحفے دینے والے حکمران دہشت گردی جیسی آفت ہیں: طاہر القادری
لاہور (خصوصی نامہ نگار) عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ بجلی، گیس، پٹرول کے بحرانوں کے تحفے دینے والے نااہل اور کرپٹ حکمران دہشت گردی جیسی آفت ہیں، جب تک ان سے نجات حاصل نہ کی گئی یہ قوم کی بوٹیاں نوچتے رہیں گے، بدانتظامی اور نااہلی پر معافیاں مانگنے والے کس منہ اور کس جمہوری اخلاقیات کے تحت اپنے عہدوں سے چمٹے ہوئے ہیں، ملک میں حقیقی جمہوریت ہوتی، عوام کے مفاد کو تحفظ دینے والا کوئی قانون یا ادارہ ہوتا تو یہ حکمران ایوانوں کی بجائے جیلوں میں ہوتے۔ تیسری بار بجلی کا بریک ڈائون ہوا مگر کوئی ادارہ یا قانون ایسا نہیں جو عوام کی تکلیف پر حکمرانوں سے باز پرس کرسکے۔ دسمبر جنوری میں 7 ہزار میگاواٹ کا شارٹ فال اور فرنس آئل کی قیمتوں میںکمی کے باوجود بجلی کے فی یونٹ قیمت میں اضافہ عوام دشمنی اور نااہلی ہے۔ گزشتہ روز مدینہ منورہ سے مرکزی میڈیا سیل کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس مرحلہ پر قوم کو دہشت گردی کے خلاف ملکر کام کرنے کی ضرورت تھی عین اس نازک مرحلہ پر قوم کو بجلی، گیس، پٹرول کے بحرانوں کے سپرد کردیا گیا۔ ہر مہینے ایک نیا بحران پیدا کیا جاتا ہے۔