ایران نے بیرونی تجارت میں ڈالر کا لین دین بند کر دیا
تہران (نیٹ نیوز) ایران نے بیرونی تجارت میں ڈالر کا لین دین بند کر دیا۔ یہ بات ایرانی سنٹرل بینک کے ڈپٹی گورنر جنرل غلام علی نے اپنے ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا ایران دوسرے ملکوں کے ساتھ باہمی تجارت میں ڈالر کے بجائے یورو، ترک لیرا، روسی روبل سمیت چین اور کوریا کی کرنسی استعمال کر رہا ہے۔ ایران کا متعدد ملکوں کے ساتھ آسان شرائط پر مبنی باہمی تجارت کے معاہدے کرنے کا امکان موجود ہے۔ اس سلسلے میں باقاعدہ معاہدوں کے لئے مذاکرات کا سلسلہ جلد شروع ہو گا۔ واضح رہے کہ حالیہ چند مہینوں کے دوران ایرانی کرنسی کی قدر امریکی ڈالر کے مقابلے میں بہت زیادہ گر چکی ہے۔