پاکستان میں ہرکوئی دہشت گرد نہیں ہے: بھارتی وزیر داخلہ
نئی دہلی(کے پی آئی) بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہاہے کہ پاکستان میں وقتا فوقتا دہشت گردی کے خلاف آوازیں اٹھتی رہیں تاہم پاکستانی حکومتیں ملک میں اس لعنت کے خاتمے میں ناکام رہیں۔ اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہامیں نہیں مانتا کہ پاکستان میں ہر کوئی دہشت گرد ہے ۔اس ملک میں دہشت گردی کے خلاف بھی پر آوازیں اٹھتی رہی ہیں تاہم پاکستان کی حکومتوں کے دہشت گردی کے متعلق ارادے کبھی واضح نہیں رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ چھ ماہ میں پڑوسی ملک کو سرحدوںپر ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا گیا۔ ان کا مزید کہناتھایہ وزیراعظم کی سفارتی کوششوں کا ہی نتیجہ ہے کہ امریکہ نے بھی پاکستان کو واضح الفاظ میں تنبیہ کی ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکی صدر اوباما بھی پاکستان کو دہشت گردی کی آماجگاہ نہیں بنانا چاہتے اور پڑوسی ملک پر امریکہ کی جانب سے ایسا کرنے کیلئے مسلسل دبائو ہے ۔