• news

بھارت نیوکلیئر سپلائرز گروپ میں شرکت کیلئے ارکان کو مطمئن کرے: چین

بیجنگ (رائٹر) امریکی صدر اوباما کی جانب سے اس اعلان کے بعد کہ امریکہ ایٹمی برآمدات کو کنٹرول کرنے والے گروپ میں بھارت کی شمولیت کا حامی ہے، چین نے بھارت سے کہا ہے کہ وہ اس عالمی تنظیم کے سٹینڈرڈز کے حوالے سے مطمئن کرنے کیلئے مزید اقدامات کرے۔ امریکہ بھارت اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اوباما نے اس عزم کا اعادہ کیا تھا کہ بھارت 48 ملکی نیوکلیئر سپلائرز گروپ میں شمولیت کے لئے تیار ہے۔ چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا چون ینگ نے کہا ہے کہ بھارت کی نیوکلیئر سپلائرز گروپ کے لئے تمام رکن ممالک کی جانب سے بہت زیادہ احتیاط سے غور کی ضرورت ہے۔ ہم گروپ کی جانب سے نئے ارکان کی شمولیت پر بحث مباحثہ کی حمایت کرتے ہیں اس کے ساتھ ساتھ ہم بھارت سے کہتے ہیں کہ وہ اس گروپ کے قائم کردہ معیارات کے حوالے سے متعلقہ معیارات پر مطمئن کرے۔ امریکہ برطانیہ اور دوسرے رکن ممالک بھارت کی اس گروپ میں شمولیت کے حامی ہیں۔ بھارت اس گروپ میں واحد وہ رکن ہوگا جس نے ابھی تک این پی ٹی پر دستخط نہیں کئے۔ بھارت کو گروپ میں شمولیت کے لئے تمام رکن ممالک کی حمایت درکار ہوگی۔ تجزیہ کاروں کے مطابق سفارتکاروں کا کہنا ہے کہ چین ان ممالک میں شامل ہے جنہیں بھارت کے حوالے سے شکوک و شبہات ہیں۔ ان تحفظات میں پاکستان بھی شریک ہوسکتا ہے۔ چینی ترجمان نے جنوبی کے سمندری علاقے میں آزادانہ طور پر جہاز رانی اور پروازوں کے گزرنے کے حوالے سے امریکہ بھارت اعلان کو ہدف تنقید بنایا۔
چین/ بھارت




ای پیپر-دی نیشن