فاسٹ باؤلرز کی فٹنس مسئلہ بن گئی، کارکردگی متاثر ہونے لگی : اکرم رضا
لاہور (نمائندہ سپورٹس+ سپورٹس رپورٹر) فاسٹ باؤلنگ میں فٹنس سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ فاسٹ باؤلرز کی فٹنس اتنی اچھی نہیں ہے کہ پریکٹس میچ میں پیس اٹیک کی کارکردگی کو نظرانداز کر دیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار سابق ٹیسٹ کرکٹر اکرم رضا نے نوائے وقت کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا باؤلرز کی فٹنس اور کارکردگی پریشان کن ہے۔ راؤ افتخار انجم کا کہنا تھا کہ عالمی کپ سکواڈ میں شامل تمام فاسٹ باؤلرز کی فٹنس مشکوک ہے۔ تیز گیند بازی کے شعبے میں ناتجربہ کاری کی وجہ سے بھی مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔تمام کھلاڑی پروفیشنل ہیں اور انہیں نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے ماحول میں خود کو جلد ڈھالنا ہو گا۔ پریکٹس میچ کے نتائج نظرانداز نہیں کئے جا سکتے۔ فاسٹ باؤلر عبدالرؤف کا کہنا تھا کہ فاسٹ باؤلرز کا انتخاب میرٹ اور فٹنس کی بنیاد پر ہوا ہی نہیں ہے۔ فٹنس بحالی پروگرام میں شریک کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک کرکٹ کھلائے بغیر عالمی کپ کے لئے سکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔ کرکٹ کوچ شاہد انور کا کہنا تھا کہ عالمی کپ میں پاکستان کو باؤلنگ کامبینیشن بنانے میں مشکلات پیش آئیں گی۔ فاسٹ باؤلر نجف شاہ کا کہنا تھا کہ عالمی کپ تیاریوں کے سلسلے میں کھلاڑیوں کو نیوزی لینڈ‘ آسٹریلیا کے ماحول میں ایڈجسٹ کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا ہو گا۔ ہم نے عالمی کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں ساری کرکٹ متحدہ عرب امارات‘ سری لنکا میں کھیلی ہے۔ ان حالات میں قطعی مختلف ماحول میں جانے سے مسائل سامنے آئیں گے۔