افغان بارڈر پولیس کے وفد کا دورہ جی ایچ کیو، سکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ آئی این پی) افغان بارڈر پولیس کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل شفیق فاضلی نے اپنے 8 رکنی کے ہمراہ پیر کے روز جی ایچ کیو کا دورہ کیا اور چیف آف جنرل سٹاف لیفٹننٹ جنرل اشفاق ندیم احمد کے ساتھ ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس ملاقات کے دوران سرحد پر سلامتی کی صورتحال اور باہمی تعاون کو فروغ دینے کے امور پر بات چیت کی گئی۔ آئی این پی کے مطابق پاکستان اور افغانستان نے دو طرفہ تعلقات اور سرحدوں پر سیکیورٹی کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کیلئے مشترکہ کاوشوں پر اتفاق کیا۔ یہ اتفاق جی ایچ کیو میں افغانستان کی سرحدی پولیس کے وفد اور چیف آف جنرل سٹاف جنرل اشفاق ندیم کے درمیان ہونیوالی ملاقات کے دوران کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان سرحدوں کی حفاظت سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیاگیا اور سکیورٹی کو مزید بہتر بنانے پر مشاورت کی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس بات کاعزم کیا گیا کہ دونوں ممالک کے تعلقات کومستقبل میں بہتر بنانے کیلئے مثبت کاوشیں کی جائیں گی۔ نوائے وقت نیوز کے مطابق اس موقع پر سرحدی سکیورٹی نظام کو مضبوط بنانے کیلئے دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔